گﺅرکشکوں کے حملے میں مارے گئے پہلو خان کے اہل خانہ نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا یا،ہندو تنظیموں کی جانب سے مسلسل مل رہی ہے دھمکیاں

حیدرآباد(ملت ٹائمزایجنسیاں)
پہلو خان کے قتل میں ملوث چھ افراد کو کلین چٹ دینے کے بعد پہلو خان کے گھر والے شدید پریشانی میں ہیں۔ پہلو خان کے گھر والوں نے اس واقعہ کی ازسر نو تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ مرنے سے قبل خان نے جن لوگوں کے نام اپنے بیان میں لئے تھے ان ملزمین کو حالیہ دنوں میں راجستھان پولیس نے کلین چٹ دیدی ہے۔
جس کے بعد متوفی خان کے گھر والوں نے انصاف کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا۔ہندوستان ٹائمز نے خان کے بڑے بیٹے ارشد کے بیان کو کچھ اس طرح پیش کیا کہ” لوگ جو ملزمین میں ہیں وہ ہمیں مسلسل دھمکیا ں دے رہے ہیں‘ ہم خوف کے ماحول میں زندگی گذار رہے ہیں۔ پولیس بھی ہماری کوئی مدد نہیں کررہی ہے“۔
دودن قبل ہی ملزمین کو کلین چٹ ملنے کے فوری بعد پیہلو خان کی بیوہ جیبونا اپنے دوبچوں اور دو دیواروں کے ہمراہ دہلی پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا پورا خاندان خوف کے ماحول میں جی رہا ہے۔ ارشد نے بھی خوفزدہ انداز میں کہاکہ” پولیس افیسر نے بھی کہاکہ ملزمین نہایت طاقتور ہیں اور وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں“۔
یہاں پر اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ یکم اپریل کو 55سال کے ڈائری فارم کسان پیہلو خان کو الوارمیں ذبیحہ کے لئے گائے لے جانے کے شبہ میں ہجوم نے بے تحاشہ مارپیٹ کی تھی اورجس کے بعد 3اپریل کو زخموں سے جانبرنہ ہوسکے۔داریں اثنائ وکیل او رسماجی کارکن تحسین پونا والا نے اعلان کیا کہ وہ اگلے ہفتہ پیہلو خان کا کیس سپریم کورٹ میں داخل کریں گے۔انہوں نے راجستھان پولیس کی جانب سے ملزمین کو کلین چٹ دینے کے اقدام کی مذمت کی۔