نئی دہلی(پریس ریلیزملت ٹائمز)
محمد تسلیم الدین ایک قدر آور ،بیباک ،جرات مند اور باغیانہ تیور کے حامل لیڈر تھے ،ملک کی سیاست میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہے ،وہ طویل عرصہ سے سیاست سے وابستہ تھے اور ملکی ایشوز کے ساتھ ہمیشہ مسلمانوں کی آواز بھی بلندکرتے تھے ،غریبوں کے مسیحاتھے ، پوری زندگی انہوں نے کمزوروں اور سماج کے دبے کچلے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑی ہے ،ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے ہندوستان کے قدآور سیاسی رہنما اور آر جے ڈی کے سینئر لیڈر تسلیم الدین کے انتقال پر کیا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ محمد تسلیم الدین صاحب سے میرے گہرے تعلقات تھے ،جب بھی کسی موقع پر ان کی ضرورت پڑی انہوں نے ساتھ دیا،ہمیشہ مسلمانوں کے تئیں خیر خواہ نظر آئے ،یقینی طور پر ان کی وفات ہندوستانی سیاست کیلئے بہت بڑا سانحہ اور مسلمانوں کے درمیان بھی ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا جس کی تلافی ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے ۔ پنچایت اور مکھیا سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کرنے والے الحاج تسلیم الدین سات مرتبہ ایم ایل اے اور پانچ مرتبہ ایم پی رہ چکے ہیں،مرکزی حکومت میں بطور وزیر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں ، آر جے ڈی کا ایک بڑا نمایاں چہرہ تھے۔
انہوں نے کہاکہ رنج وغم کی ا س گھڑی میں ہم ان کے بیٹے سرفراز عالم اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور مرحوم کیلئے دعاءگو ہیں کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطاءفرمائے ۔





