بابا رام دیو کا بیان نا واقفیت پر مبنی ،اسلام میں گائے و دیگر جانور وںکا پیشاب نا پاک اور اس کا استعمال ناجائز ہے: امارت شرعیہ

پٹنہ(ملت ٹائمزایجنسیاں)
بابا رام دیو نے حال ہی میں انڈیا ٹی وی کے پروگرام آپ کی عدالت میں ایک انتہائی متنازع بیان دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں ذکر ہے کہ گائے کے پیشاب کو علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ، اس لیے مسلمانوں کو بھی گائے کے پیشاب کا استعمال کرنا چاہئے۔
بابا رام دیو کے اس بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مشہور عالم دین اور امارت شرعیہ بہار ، اڑیسہ و جھارکھنڈ کے ناظم مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بابا رام دیو کا یہ بیان نا واقفیت پر مبنی ہے، قرآن کریم میں کہیں بھی یہ ذکر نہیں ہے کہ گائے کے پیشا ب کو دوا کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے ، اسلام کے اندر گائے اور دیگر تمام جانوروں کے پیشاب و پاخانے کو نجس اور ناپاک قرار دیا گیا ہے۔ اسلام ناپاک اور حرام چیزو ں سے علاج کو ممنوع قرار دیتا ہے ۔بابا رام دیو کو اپنی معلومات کی اصلاح کرنی چاہئے اور اپنے بیان کو واپس لینا چاہئے ، اور آئندہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں یا قرآن کریم کے بارے میں کوئی بھی بات کہنے سے پہلے اس کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کرنی چاہئے ، اس طرح متنازع بیان دے کر خواہ مخواہ آپسی بھائی چارے کے ماحول کو خراب کرنا ان جیسے لوگوں کے لیے قطعی زیب نہیں دیتا ہے ۔