دیگر فرقہ کیلئے بھی مدارس اپنے دروازے کھولیں،بی جے پی حکومت میں مسلمان عزت و احترام کی زندگی گذار رہے ہیں،روہنگیا مسلمانوں کو مسلم ممالک پناہ دیں: مسلم راشٹریہ منچ

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)

آر ایس ایس کی مسلم ونگ’ مسلم منچ‘ قومی کنوینر محمد افضال نے کہا کہ روہنگیا مسلمان کو بنگلہ دیش اور مسلم ممالک اپنے یہاں پناہ دیں اور ہندوستان کی سرحدوں میں روہنگیامسلمانوں کے داخلے کو روکا جائے، کیونکہ بھارت کے مسلمان پوری سلامتی اور امن وامان میں اپنی زندگی گذار رہی ہے۔آج ریلوے روڈ پر واقع سرسوتی ششو مندر کے احاطہ میں منعقد راشٹریہ مسلم منچ کے دو روزہ پروگرام کی اختتامی نشست میں محمد افضال نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی بی جے پی کی حکومت میں بھارت کا مسلمان احترام کی زندگی گذار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مدارس کی جدید کاری کرکے تمام فرقوں کے بچوں کے لئے مدرسوں کے دروازے کھولنے چاہئیں۔ خاتون مورچہ کی قومی کنوینر ڈاکٹر ظاہرہ جمیل نے کہا کہ مسلم خواتین کو روزگار فراہم کرنے کے لئے حکومت تعلیم مرکز قائم کرے تو پورے ملک کے اندر مسلم خواتین احترام کے ساتھ سر اٹھا کر چل سکیں گی، خواتین کو برابری کی حیثیت دینے کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے گئے ہیں۔ پروگرام میں میرٹھ کے کنوینر محمد قدیم عالم، اتراکھنڈ اور میرٹھ کے انچارج تشار کانت،معاون کنوینر غلام شیخ وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔ اس موقع پر عباس مظاہر خاں،غفور، حکیم عبدالستار، خاتون ضلع کنوینر انجم فاطمہ، ڈاکٹر آفتاب ہاشمی، بابر علی،سیما جاوید، ڈاکٹر نسیم انصاری، انیس انجینئر، شمشیر وغیرہ موجود رہے۔