دارالعلوم دیوبند پوری دنیا میں دین اسلام کا ممتاز ادارہ ہے،برطانیہ سفارتخانہ کے افسران کاذمہ داران سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

دیوبند(ملت ٹائمزسمیر چودھری)
برطانیہ سفارت خانے کے افسران نے دیوبند پہنچ کر عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا اور یہاں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی و مولانا عبدالخالق سنبھلی سے ملاقات کرکے ادارہ کی تعلیم و تربیت کے بابت معلومات حاصل کی۔نئی دہلی میں واقع انگلینڈ کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر الیگزینڈر ایوانز، سیکنڈ سیکرٹری ہائی کشنر ای ڈی بھینسلی اور اسعد مرزا نے آج دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ذمہ داران سے ملاقات کرکے ادارہ کے تعلیمی امور اور خدمات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہاں کے تعلیم و تربیت کے نظام کے سلسلہ میں تفصیلی معلومات حاصل کی۔ دارالعلوم دیوبند کے مہمانہ میں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے گفتگو کرتے ہوئے مہمانوں نے دارالعلوم دیوبند کی تاریخ اور یہاں کے اکابرین کی زریں خدمات کو بھی جاننے کی کوشش کی۔ مہتمم موصوف نے مہمانوں کو دارالعلوم دیوبند میں دی جانے والی تعلیم و دیگر علمی سرگرمیوں سے روشناس کرایا۔ بعدازیں سفارتخانے کے حکام نے ادارہ کی مشہور قدیم او رجدید لائبریری کے علاوہ مسجد رشید اور دیگر تاریخی عمارتوں کو زیارت کی، انہوںنے قدیم لائبریری میں موجودہ قدیم نادر ونایاب نسخوں پر حیرت کا اظہار کیا۔ اس دوران سفارت خانے کے افسران نے کہا کہ ان کی طویل عرصے سے دیوبند آکر دارالعلوم دیوبند اور مسجد رشید دیکھنے کی خواہش تھی، جو آج پوری ہوئی ہے۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند میں دی جانے والی تعلیم و تربیت کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم دیوبند پوری دنیا میں مذہب اسلام کا ممتاز ادارہ ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں دارالعلوم دیوبند دیکھنے اور یہاں کے نظام تعلیم کو سمجھنے کی بہت خواہش تھی جس کی تکمیل لئے آج یہاںحاضری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر روحانی مسرت محسوس کررہے ہیں،مستقبل میں انہیں جب کبھی بھی موقع ملے گا تو وہ دوبارہ دارالعلوم دیوبند ضرور آئیں گے۔ اس موقع پر شعبہ انٹر نیٹ کے ناظم مولانا محمد اللہ قاسمی،شعبہ انگریزی کے استاذ مولانا توقیر قاسمی ، شعبہ محافظی کے ناظم مولانا طالب قاسمی اور کتب خانہ کے ناظم مولانا شفیق قاسمی وغیرہ موجودرہے۔