اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے طلبہ کے نام خصوصی اپیل جاری کی۔ یونیورسٹی میں پرامن تعلیمی ماحول برقرار رکھنے میں تعاون کی درخواست

علی گڑھ(ملت ٹائمزایجنسیاں
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو ) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے یونیورسٹی کے طلبہ کے نام ایک خصوصی اپیل جاری کرتے ہوئے ان سے یونیورسٹی میں پرامن اور تعلیمی ماحول برقرار رکھنے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ وائس چانسلر نے طلبہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اس وقت اپنے ادارے کے عظیم بانی سرسید احمد خاں کا دو صد سالہ جشن پیدائش سال منارہے ہیں اور میںمسرت کے ساتھ میں یہ بات کہوں گا کہ یہ سال ایک پڑاو¿ کی طرح ہے جب ہم نے اپنے بانی کے مشن کے تئیں تجدید عہد کیا ہے ، اپنی شاندار تاریخ کو یاد کرتے ہوئے ملک کے تعلیمی نقشہ پر آپ کی اور آپ کے اساتذہ کی محنت اور حصولیابیوںکی بدولت اپنے وجود کو مزید مستحکم کرنے کا عزم دوہرایا ہے ، اس لئے آپ سے درخواست ہے کہ یونیورسٹی کی شبیہ اور اس کے وقار کو بلند رکھنے کی خاطر مثبت انداز میں کام کرتے رہیں۔ پروفیسر طارق منصور نے طلبہ کو یاد دلاتے ہوئے کہاکہ بنیادی طور سے کسی بھی یونیورسٹی کے بارے میں کوئی تصور اس کے طلبہ کے طرز عمل اور برتاو¿ سے ہی قائم کیا جاتا ہے اور ہماری یونیورسٹی نے حالیہ برسوں میں تقریباً سبھی رینکنگ میں ممتاز مقام حاصل کیا ہے لہٰذا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ یونیورسٹی کی شبیہ کو نقصان پہونچائے گا۔پروفیسر طارق منصور نے اپنی اپیل میں کہاکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہمیشہ سے جمہوری فکر اور روایتی اقدار کا مثالی گہوارہ رہی ہے۔ اس کو برقرار رکھنے کے لئے اے ایم یو طلبہ یونین اور اے ایم یو کورٹ میں طلبہ کے نمائندوں کے انتخابی عمل کو پرامن اور منظم طریقہ سے پورا کرنا لازمی ہے۔ وائس چانسلر نے طلبہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ کچھ عناصر کسی چھوٹے سے مسئلہ کو اٹھاکر یونیورسٹی میں بدنظمی اور ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں لہٰذا یہ ہم سب کا فرض ہے کہ صبر و تحمل سے کام لیں ، ذمہ داری و سنجیدگی کا مظاہرہ کریںاور کسی کو بھی افواہ پھیلانے اور لوگوں کوگمرا ہ کرنے کی اجازت نہ دیں۔پروفیسر طارق منصور نے طلبہ سے اپیل کی وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں اور یونیورسٹی کے باہر چند ایسے لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں ، کیونکہ بے جا افواہوں سے بسا اوقات چھوٹی سی بات بڑا مسئلہ بن جاتی ہے اور اس طرح کے مسائل سے قیمتی وقت، طاقت اور وسائل کا زیاں ہوتا ہے۔ طلبہ کے خوابوںاور ان کے عزائم کی تکمیل میں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ آپ اپنے تعلیمی مقاصد پر نظر رکھیں، اچھے نمبر حاصل کریں اور کیریئر کی منصوبہ بندی پر دھیان دیں، شخصیت کے ہمہ جہت ارتقاءپر توجہ دیں ، یہاں سے ایک کامیاب پیشہ ور بن کر نکلیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔وائس چانسلر نے طلبہ سے مزید کہاکہ وہ یونیورسٹی میں ان کے مفادات کے تحفظ کے لئے اور ملک و بیرون ملک یونیورسٹی کے مقام کو مزید بلند کرنے کے لئے ان کے تعاون اور مثبت اشتراک کے متمنی ہیں۔