نئی دہلی(پریس ریلیز/ملت ٹائمز)
ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے ،انتخابات یہاں کی جمہوریت کیلئے سب سے اہم ہیں اور بالآخر الیکشن کمیشن نے گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی کردیاہے یہ الگ بات ہے کہ تاریخ کا اعلان بہت تاخیر سے ہواہے جس کی بنا پر اعتراضات کا سامنا کرناپڑاہے اور یہ کہاگیا کہ مرکزی حکومت کے دباؤ میں الیکشن کمیشن نے گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں اتنی تاخیر سے کام لیاہے ،ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم نے کیا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ گجرات اسمبلی انتخاب میں اصل امتحان وہاں کی عوام کا ہے ،انہیں ریاست اور ملک کو صحیح سمت پر لے جاناہے اوردستور کی بحالی میں نمایاں کردار اداکرناہے ،انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ کا مقابلہ دستور مخالف طاقتوں سے ہے ،عوام کے سامنے ایک بڑا چیلنجز ہے اور انہیں اپنے ووٹ کی طاقت سے یہ باورکراناہے کہ ریاست کی باگ دوڑ وہ کن لوگوں کو سونپ رہے ہیں، انہیں جو سیکولرزم کے خلاف ہیں،جمہوریت کو ختم کرکے آمریت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں،ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو بربادکرنے کے درپے ہیں اور فرقہ واریت کے فروغ پر ساری توجہ مصروف کئے ہوئے ہیں یا ان لوگوں کو کرسی اقتدار پر بیٹھانا چاہتے ہیں جو ملک وریاست کی فلاح وبہبود کے خواہاں ہیں،ریاست میں امن وترقی کی بحالی چاہتے ہیں،عوام کو خوشحالی فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ۔
ڈاکٹر منظو رعالم نے اپنے پریس نوٹ میں اس بات پر زور دیکر کہاکہ گجرات اسمبلی انتخابات بہت اہم ہیں اوروہاں کی عوام پر بہت بڑی ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے ،اپنے ووٹ کی طاقت کا زیادہ سے زیادہ او رصحیح استعمال کرے،فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھے اور ان طاقتوں کو شکست سے دوچار کرے جو ملک کے سیکولرزم ،جمہوریت ،دستور اور برسوں پرانی تہذیب وثقافت کو ختم کرنے کے فراق میں ہیں ۔ڈاکٹر منظور عالم نے اس موقع پر یہ بھی کہاکہ آل انڈیا ملی کونسل کی تمام عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتخاب میں حصہ لے ،بڑی تعداد میں ووٹ کرے اور فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیکر ملک کے تانے بانے کو بکھرنے بچائے۔





