احمد آباد (ملت ٹائمز
گزشتہ دنوں گجرات اے ٹی ایس نے وہاں سے دو مسلم نوجوان عبید مرزا اور قاسم اسٹریم والاکو داعش سے تعلق رکھنے کے الزا م میں گرفتار کیا ہے ،اے ٹی ایس کا دعوی ہے کہ یہ دونوں احمد آباد میں واقع یہودیوں کے ایک عبادت خانہ پر حملہ کی منصوبہ بندی کئے ہوئے تھے اور اس کے بعد ان کا پروگرام ملک چھوڑ کر جانے کا تھا ،خاص بات یہ ہے کہ بی جے پی اس گرفتار ی میں کانگریس کے سیاسی سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن احمد پٹیل کو گھسیٹنے کی کوشش کررہی ہے کیوں کہ گرفتار شدہ دومشکوک میں سے ایک قاسم اسٹریم ولابھروج میں واقع پٹیل ہسپتال میں ملازم تھا جہاں کے احمد پٹیل کچھ دنوں تک ٹرسٹی رہ چکے ہیں ۔
گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے پریس کانفرنس کرکے دعوی کیا ہے کہ قاسم اسٹریم ولااحمد پٹیل کے ہسپتال میں کام کررہے تھے اور گرفتاری سے ایک دن قبل اس نے استعفی دیا ہے اس لئے اس پورے معاملے میں احمد پٹیل بھی ملوث ہیں ، مشکوک نوجوان انہیں کے اشارے پر دہشت گردانہ کاروائیوں کو انجام دینے کی پلاننگ کررہاتھا ،اس لئے انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت اور کانگریس سے استعفی دے دینا چاہیئے ،علاوہ گجرات کے وزیر اعلی نے کانگریس اور نائب صدر راہل گاندھی سے بھی مطالبہ کیا ہے وہ اس معاملہ پر صفائی دیں ۔
دوسری جانب احمد پٹیل نے کہاہے کہ اے ٹی ایس کی یہ کاروائی قابل ستائش ہے ،دہشت گردی کی ہر گز حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی ہے ،انہوں نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ 2014 میں ہی میں نے ٹرسٹی کے عہدہ سے استعفی دے دیا تھا اب میرا کوئی تعلق نہیں ہے ۔انڈین ایکسپریس کی رپوٹ کے مطابق کانگریس نے بھی واضح کرتے ہوئے کہاکہ اس ہسپتال سے احمد پٹیل اور ان کی فیملی میں سے کسی کا کوئی تعلق نہیں ہے ،بی جے پی گجرات میں اپنی ہار کو دیکھ کر باربار اس طرح کا موضوع چھیڑ کر عوام کے ذہن کو منتقل کرنا چاہتی ہے لیکن اس طرح کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوپائے گی ،عوام بی جے پی کی اصلیت جان چکی ہے اور گجرات میں بدترین شکست سے بی جے پی دوچار ہونے جارہی ہے ۔





