سری رام سینٹر،منڈی ہاو¿س ،دہلی میں فیسٹول کی آخری شام ڈراما ’آدمی نامہ ‘ اسٹیج کیا گیا
نئی دہلی(ملت ٹائمز)
اردو اکادمی ،دہلی کے زیر اہتمام منعقد 29واں سالانہ اردو ڈراما فیسٹول اختتام پذیر ہوا ۔فیسٹول کی آخری شام ڈراما’آدمی نامہ ‘ اسٹیج کیا گیا ۔اس ڈرامے کوبہروپ آرٹس گروپ نے پیش کیا ۔ یہ ڈراما ہندوستان کی جدوجہد آزادی سے لے کر موجودہ بدعنوان زمانے تک پھیلاہوا ہے ۔اس ڈرامے میں ہندوستان میں پائے جانے والے ایجوکیشن سسٹم ،سیاسی حالات اور بدعنوانی پر ہندوستانیوں کی مجرمانہ خاموشی اور عدم دلچسپی پر سخت چوٹ کی گئی ہے ۔تعلیمی اداروں کو کس طرح بدعنوانی کے دلدل میں ڈالنے کی کوششیں ہوتی ہیں ،اس پر بھی خاصی بحث ہے ۔آزاد اور بہتری کی جانب گامزن ہندوستان میں کس طرح اقتصادی طور پر دوطبقے منقسم ہوگئے ہیں ،اسے بھی اجاگر کیا گیا ہے ۔اس ڈرامے پر ترقی پسند افکار ونظریات کا خاصااثر ہے ،جو عوام کے لیے یقینا سود مند ہے ۔اس ڈرامے میں ماضی سے حال تک کے سیاسی رویے اور ہندوستانیوں کی بدلتی صورت حال پر توجہ دی گئی ہے ۔موجودہ سیاسی حالات میں ہندوستانیوں کو کیا کرنا چاہئے اور کن باتوں سے دور رہنا چاہئے اسے بڑے سلیقے سے پیش کیا گیا ہے ۔اس ڈرامے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ اس میں کسی پر راست حملے اور تنقید سے بچتے ہوئے ایسے حالات اور ماحول تخلیق کیے گئے ہیں ،جو موجودہ حالات کی سنگینی کی طرف پورے ترقی پسندانہ موقف کے ساتھ اشارہ کرتے ہیں ۔اس ڈرامے میں خاص طور پر ہادی سرمدی اور پونم گردھاری کے فن کو سراہا گیا ۔
بہروپ آرٹس گروپ کی جانب سے پیش کیے گئے ڈراما’آدمی نامہ ‘کے اختتام پر ہدایت کارراجیش سنگھ نے فن کاروں کا تعارف کرایا۔ اردو اکادمی کے سکریٹری اور ای ٹی وی اردو کے رکن تحسین منور نے ڈائرکٹر اور دیگر فن کاروں کو گلدستہ پیش کیا ۔اس موقع پر اردو اکادمی کے فعال ومتحرک سکریٹری ایس ایم علی نے کہا کہ اردو اکادمی کی کوشش ہوتی ہے کہ ڈراما فیسٹول میں ایسے ڈرامے پیش کیے جائیں ،جو مو¿ثر اور عوام کی پسند کے مطابق ہوں ۔یہاں روز اول سے آج تک تمام ڈرامے بہت اچھے تھے ،ہمیں لگتا ہے کہ ہم اپنی محنت میں کامیاب ہوئے ہیں اور آپ سب کاساتھ اور تعاون ہمیشہ ہمارے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔آخری شام بھی اردو اکادمی،دہلی کے اسسٹنٹ سکریٹریمستحسن احمدنے نظامت کے فرائض اداکیے۔ انہوں نے ڈراما شروع ہونے سے پہلے اردو اکادمی کے ڈراما فیسٹول پر گفتگو کی اورڈرامے کا تعارف پیش کیا ۔انھوں نے فیسٹول کو کامیاب بنانے کے لیے تمام سامعین وناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ ڈراما فیسٹول کی آخری شام بھی حسب روایت ناظرین سے ہال بھرا ہواتھا ۔





