نئی دہلی(ملت ٹائمزایجنسیاں)
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بھارت نے ہمیشہ امن، اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے اور ہماری سیکورٹی فورسز دنیا بھر میں اقوام متحدہ مشن کے ذریعے اس سمت میں اہم کردار اد کر رہی ہیں۔ اپنے ماہانہ ریڈیو نشریہ ’ من کی بات ‘ میں وزیر اعظم نے کہا کہ فی الحال قریب 7000 بھارتی سکیورٹی اہلکار مشن برائے فروغِ امن کیلئے اپنی خدمات انجام دی رہی ہیں ۔ مودی نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ کشمیر کے گریز سیکٹر میں منائی گئی دیوالی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان، نہ صرف ہماری سرحدوں پر؛ بلکہ دنیا بھر میں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ اب تک 18 ہزار سے زائد بھارتی سیکورٹی فورسز نے اقوام متحدہ کے مشن برائے فروغِ امن میں اپنی قابل ستائش شراکت انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2017 تک ہندوستانی جوانوں نے اقوام متحدہ کے دنیا بھر کے 71 مشن برائے فروغِ امن میں سے تقریبا 50 مہم میں اپنی حصہ داری کا اشتراک کیا ہے۔بھارت تقریبا 85 ممالک کے مشن برائے فروغ امن میں شامل ہونے والے اہلکار کی تربیت دینے کا بھی کام کر رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کانگو اور جنوبی سوڈان میں ہندوستانی فوج کے ہسپتال میں 20 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور لاتعداد افراد کی زندگی بچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کا مقدمہ نیز اقوام متحدہ کے چارٹر کا دیباچہ دونوں میں ’وی دی پیپلز ‘ جیسے ا لفاظ سے ابتدا ہوتی ہے بھارت نے نسوانی مساوات پر ہمیشہ زور دیا ہے اور اقوام متحدہ ’ ڈیکلیریشن آف ہیومن رائٹس ‘ کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے نئے اکھنڈ بھارت کی بنیاد رکھی اور اس کے لئے انہوں نے ضرورت کے مطابق، صلاحیتوں اور توانائی کا استعمال کرکے پیچیدہ مسائل کا عمومی اور عملی حل بھی نکالا۔ مودی نے کہا کہ سردار پٹیل نے کہا تھا کہ ذات اور عقیدہ کا کوئی امتیاز ہمیں روک نہ سکے، تمام بھارت کے بیٹے اور بیٹیاں ہیں، ہم سب کو اپنے ملک سے محبت کرنا چاہئے اور باہمی محبت اور خیر سگالی پر اپنے نصیب کی تعمیر کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سردار پٹیل کا یہ بیان آج بھی ہمارے نئے بھارت کے نقطہ نظر کے لئے ترغیب دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کا سالگرہ قومی اتحاد کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ 31 اکتوبر کو سردار پٹیل کی جینتی کے موقع پر ملک بھر میں رن فار یونٹی کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں بچے، نوجوان، خواتین، تمام عمر کے افراد اور سبھی طبقے کے لوگ شامل ہوں گے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اس میں حصہ لینے کی اپیل بھی کی ۔





