مدارس کے تعلق سے یوگی سرکار کا ایک اور اقدام ،مذہبی علوم کے ساتھ نصاب میں این سی ای آرٹی کی کتابوں کو شامل کرنے کا فیصلہ

لکھنو(ملت ٹائمز)
مدرسوں کے تعلق سے اتر پردیش کی یوگی سرکا ر آئے دن ایک نیافیصلہ کررہی ہے ،مدارس کو آن لائن کرنے اور وہاں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کا پروگرام منائے جانے کے بارے میں فرمان جاری کرنے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج ایک اور نیا فرمان جاری کیا ہے جس کے مطابق یوپی کے تمام مدارس میں مذہبی علوم کے ساتھ سائنس وریاضی ودیگر علوم بھی پڑھانے ہوں گے ۔این بی ٹی کی رپوٹ کے مطابق یوگی سرکار اتر پردیش مدرسہ بورڈ کے نصاب میں تبدیلی کرتے ہوئے مذہبی کتابوں کے ساتھ این سی ای آرٹی کی کتابوں کو بھی شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے ،جس میں ریاضی اور سائنس کو بطور خاص پڑھایا جائے گا ۔
ہم آپ کو بتا دیں کہ اتر پردیش میں مدرسہ بورڈ کے تحت رجسٹرڈ مدارس کی کل تعداد19143 ۔اب تک تحتانیہ اور فوقانیہ کی سطح تک کے مدارس میں ہی اس موضوع کو پڑھایا جاتاتھا لیکن اب حکومت سے منظوری ملنے کے بعد مدرسہ بورڈ عالمیت اور اعلی سطح (ہائی اسکول اور اس سے اوپر) کے مدارس میں بھی ریاضی اور سائنس جیسے موضوعات کو لازمی پڑھانے کے پابند ہوں گے ۔