احمد پٹیل کا پلٹ وار ۔پی ایم مودی نے جس ہسپتال کا افتتاح کیا ہے اس کے ملازمین دہشت گردوں کے رابطے میں ہیں

احمدآباد(ملت ٹائمز)
کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے ایم پی احمد پٹیل نے آج پلٹ وار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نرنید ر مودی نے جس ہسپتال کا افتتاح کیا تھا اس میں کام کرنے والوں کے تعلقات دہشت گردوں اور داعش سے ہیں ۔
انڈین ایکسپریس کی رپوٹ کے مطابق گجرات کی ایک انتخابی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے احمد پٹیل نے کہاکہ جس نوجوان کو داعش سے تعلق رکھنے کے الزام میں شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیاہے وہ پہلے کیئر ہسپتال میں کام کررہاتھا جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیاہے ،وہاں کام چھوڑنے کے بعد اس نے سردار پٹیل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنا شروع کیا تھا ۔
احمد پٹیل نے یہ ردعمل دراصل گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کے اس بیان کے بعد ظاہر کیا ہے جس میں روپانی نے احمد پٹیل پر الزام لگایاتھاکہ احمد پٹیل جس ہسپتال کے ٹرسٹی ہیں اس کا ایک ملازم قاسم اسٹریٹ ولاداعش سے تعلق رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیاہے جس کا مطلب ہے کہ احمد پٹیل کی بھی اس دہشت گردانہ سرگرمی کو حمایت حاصل تھی ۔واضح رہے کہ احمد پٹیل نے 2014 میں ہی اس ہسپتال کے ٹرسٹی کے عہدہ سے استعفی دے رکھاتھا ۔
احمد پٹیل نے یہ بھی کہاکہ بی جے پی مجھے ہر کوشش کے باوجود راجیہ سبھا کے انتخاب میں نہیںہراسکی اس لئے اب وہ بلاوجہ کی بات پر بھی مجھ سے استعفی مانگ رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ شک کی بنیادپر گرفتار وہ ملازم پہلے کیر ہسپتال میں کام کررہاتھاجس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا ہے ۔