پناماپیپرس کے بعد پیراڈائز پیپرس ۔ 180 ممالک کی کمپنیاں شامل ، مرکزی وزیر کے ساتھ 714 ہندوستانی بھی بدعنوانی میں پائے گئے ملوث

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
نوٹ بندی کی سالگرہ سے محض دودن قبل کالے دھن اور بدعنوانی کو لے کر اہم انکشاف ہوا ہے۔ پنامہ پیپرس کا انکشاف کرنے والے جرمنی کے اخبار جی ٹائیچے سائیٹنگ نے اب پیراڈائز پیپرس کو لے کر حیران کن انکشافات کئے ہیں۔ پیراڈائز پیپرس میں فرضی کمپنیوں اور فرموں سے وابستہ کل ایک سو چونتیس کروڑ دستاویز شامل ہیں۔ ان میں مرکزی وزیر جینت سنہا اور معروف اداکار امیتابھ بچن سمیت سات سو چودہ ہندوستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔
انٹرنیشنل کانسورٹیم انویسٹی گیٹو جرنلسٹس آئی سی آئی نے چھیانوے میڈیا آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر پیراڈائز پیپرس نام کے دستاویز کی جانچ کی ہے۔ اس میں دنیا بھر میں طاقت وار لوگوں کا پیسہ بیرون ممالک بھیجنے والی فرموں اور فرضی کمپنیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
پیرا ڈائز پیپرس میں 714 ہندوستانیوں کے نام ، مرکزی وزیر جینت سنہا اور معروف اداکار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔
انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق پیراڈائز پیپرس میں ایک سو اسی ممالک کے نام ہیں ، جس میں ہندوستانی انیسویں نمبر پر ہے۔ ان میں بڑی بڑی غیر ملکی کمپنیوں کے نام شامل ہیں۔ پیراڈائز پیپرس میں سب سے زیادہ دستاویز برموڈا کی لا فرم ایپلبی کے ہیں۔ ایک سو انیس سال کی اس کمپنی میں وکیلوں ، اکاونٹنٹس اور بینکرس کا ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔ یہ نیٹ ورک دنیا بھر میں امیروں اور طاقت ور لوگوں کا پیسہ بیرون ممالک مینج کرتے ہیں ، ان کیلئے کمپنیاں سیٹ اپ کرتے ہیں۔