نشہ آوراشیاءکااستعمال کینسر کی بنیادی وجہ ،پبلک گرلز انٹر کالج میں کیور کینسر اویرنیس سوسائٹی لکھنو کے اشتراک سے کینسربیداری پروگرام کا انعقاد

 

دیوبند (ملت ٹائمزسمیر چودھری)

مقامی معروف عصری ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند اور کیور کینسر اویرنیس سوسائٹی لکھنو کے اشتراک سے کینسر بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ،جس میں سماجی شخصیات کے علاوہ ڈاکٹروں اور طبیبوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کیور کینسر اویرنیس سوسائٹی لکھنو¿ سے آنے والے وفد میں شامل تنظیم کی چیف کو آرڈی نیٹر شائستہ خاں نے گرلز کالج کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں کینسر کے لاکھوں کروڑوں مریض ہیں اور کینسر کے سبب روزانہ لا تعداد لوگ لقمہ¿ اجل بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نوجوانوں میں منشیات کے استعمال تمباکو نوشی، شراب نوشی کے علاوہ دیگر نشہ آور اشیاءکا استعمال روز بہ روز بڑھتا جارہا ہے، جس کی وجہ سے نوجوانی کی عمر میں ہی ان کی صحت متاثر ہورہی ہے، امراض قلب، گردوں اور جگر کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں اور زیادہ تر نوجوان کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ڈاکٹروں اور طبیبوں کا کہنا ہے کہ غذائیت کی کمی، ملاوٹی اشیاءکا استعمال جہاں پر عام وخاص کی صحت کو متاثر کر رہا ہے وہیں منشیات کے عادی نوجوان منہ، جگر، پھینپھڑوں اور گردوں کے کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں جس سے چھٹکارہ پانا ضروری ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ وجود میں آسکے۔ شائستہ خاں نے بتایا کہ عالمی صحت تنظیم کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی صحت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے اس سے پھینپڑوں کا کینسر ہوتا ہے۔ شائستہ خان نے کہا کہ انسان کی صحت اور زندگی نہایت بیش قیمتی ہے اس لئے اس کی حفاظت ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔ منشیات، شراب نوشی اور دیگر نشہ آور چیزوں کا عادی بن کر انسان اپنے آپ کو ہلاکت کے قریب لے جاتا ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ہری سبزیوں کے استعمال کا عادی بننا چاہئے اور جنک فوڈ کے علاوہ مضر اور ہلاکت خیز اشیاءسے اپنے آپ کو دور رکھنا چاہئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آلودہ ماحول سے اپنے آپ کو دور رکھیں، غذا میں نمک کا کم استعمال کریں، کیفین کا بہت کم مقدار میں استعمال کریں، جسم کو تھکن کا احساس ہونے لگے تو آرام کریں۔ کیور کینسر اویرنیس سوسائٹی لکھنو¿ کی چیف کو آرڈی نیٹر کو پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے 25 ہزار روپے کا چیک سوسائٹی کے نام بطور امداد کینسر بیداری مہم کے لئے پیش کیا۔ واضح ہو کہ پبلک گرلز انٹر کالج گزشتہ کئی سالوں سے مذکورہ تنظیم کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ چیف کو آرڈی نیٹر شائستہ خان نے اسکول کے منتظمین کا تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا اسکول کی طالبات نے بھی اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی پاکٹ منی سے تنظیم کو بڑی بڑی رقمیں دیں۔ پروگرام کے آخر میں سوسائٹی کی جانب سے گرلز انٹر کالج کی پرنسپل کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی اور بڑی رقومات کے ساتھ تعاون کرنے والی طالبات سیدہ منزہ مدنی، سیدہ وردہ مدنی، علینا، عظمی، زویا، ماریہ، نبیحہ، علیشا، ذکیہ، جویریہ، عذرا ملک، علوینا اور امیر النشاءکو نشان اعزاز اور توصیفی سند دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ پروگرام کی صدارت صبا حسیب صدیقی نے کی اور نظامت کے فرائض صائمہ نے انجام دئیے۔ شبانہ صفی اور محمد غزالی نے پروگرام کے لئے بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر انٹر کالج کا تدریسی عملہ اور تمام طالبات موجود رہیں۔