مشاورت کے دفتر میں مولانا خالدسیف اللہ رحمانی کا والہانہ استقبال ،جناب نوید حامد کے ساتھ اہم امور پر تبادلہ خیال

نئی دہلی(ملت ٹائمز)
اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے دفتر میں صدر مشاورت نوید حامد سے ملاقات کر کے ملی و ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر مشاورت نے حضرت مولاناخالد سیف اللہ رحمانی کا دفتر مشاورت پہنچنے پر والہانہ استقبال کیاا اور ان کی مشاورت میں شمولیت کو ملت اسلامیہ ہند کے درمیان باہمی اتحاد اور مشاورت کی نشاط ثانیہ کے عمل میں ایک سنگ میل سے تعبیر کیا۔ اس موقع پر مشاورت کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالحمید نعمانی صاحب بھی موجود تھے۔
صدرمشاورت اور مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کے بدلتے منظر نامہ میں ملت و ملک کے سنجیدہ اور مخلص رہنماﺅں کے درمیان باہمی اتفاق کی فضا کو بنانے اور روابط پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔دونوں ذمہ داروں نے اس بات پربھی اتفاق کیا کہ بابری مسجد مسئلہ پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جمعیت علما ءہند کی مجلس عاملہ کا وہ فیصلہ جس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ اس کا واحد حل کورٹ کا فیصلہ ہی ہے جوسب کو قابل قبول ہوگا۔ جولوگ بھی بابری مسجد کے تعلق سے گفتگو کرنے کی بات کررہے ہیں ، ان کو مسلم پرسنل لا بورڈ اور جمعیت علماءہند کی مجلس عاملہ کے فیصلوں کو قبول کرنا چاہئے۔