شمالی کشمیر میں مسلح تصادم، 5 جنگجوہلاک ،دوفوجی اہلکار زخمی

سری نگر(ایجنسی)
شمالی کشمیر کے ضلع باندی پورہ کے حاجن میں جنگجوو¿ں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں 5 جنگجو اور ایک انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) گارڈ ہلاک جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ کے چندر گیر حاجن میں جنگجوو¿ں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کو ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا ’جب سیکورٹی فورسز مذکورہ علاقہ میں ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود جنگجوو¿ں نے ان پر خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی‘۔ راجیش کالیا نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ابتدائی جوابی کاروائی میں پانچ جنگجوو¿ں کو ہلاک کیا۔ تاہم جنگجوو¿ں کی فائرنگ سے انڈین ایئر فورس کا ایک گارڈ ہلاک جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ زخمی فوجی اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا۔
دریں اثنا چندر گیر سے ملحقہ دیہات میں بڑے پیمانے پر سیکورٹی فورس مخالف احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ احتجاجیوں کی جانب سے آپریشن میں رخنہ اندازی کو روکنے کے لئے علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی بھاری جمعیت تعینات کی گئی ہے۔ اس دوران جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے حاجن آپریشن کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا ’سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بڑی کامیابی۔ بانڈی پورہ کے حاجن میں جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے تاحال 5 جنگجوو¿ں کو ہلاک کیا ہے‘۔