خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کی طرف سے برمی مہاجرین میں کمبل تقسیم

ہرانسان کو خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے کیوں کہ خدمت سے سکون قلب بڑھ جاتا ہے:ڈاکٹر قاسمی
نئی دہلی۱۹؍نومبر(پریس ریلیز)
مشہور فاہی تنظیم خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کی طرف سے ہر سال کی طرح امسال بھی سردی کی آمد پر ضرورت مندو ں میں کمبل تقسیم کیے گئے۔اس بار ٹرسٹ کی جانب سے اوکھلامیں واقع مختلف کیمپوں میں پناہ گزیںبرما کے روہنگیائی مسلمانوں کے درمیان کمبل بانٹے گئے۔اس موقع پر مستحقین نے اپنے بہی خواہان کو دل سے دعائیں دی اور ان کے کاروبار میں مزید ترقی کیلئے دعائیں دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ پہلے کالندی کنج کے قریب دارالہجرہ میں رہ رہے برمی مہاجرین میں مقامی رہنما و سماجی کارکن شعیب خان،مولانانسیم مظاہری اور مولانا شمس تبریز قاسمی کے ہاتھوں کمبل کی تقسیم عمل میں آئی ،اس کے بعدشاہین باغ کے شرن وہار میں واقع دوسرے کیمپ میں جاکر صحافی اور سماجی کارکنوں  نے اس کام کو انجام دیا۔ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹیری  ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی نے اس موقع پر موجود تمام لوگوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ      اسلام میںاللہ کی مخلوق پر شفقت ورحمت او ران کی خدمت کی بڑی اہمیت ہے،اس ذمہ داری کو انبیاء کرام نے نہایت عمدہ طریقہ سے سرانجام دیا  ہےاور  ہمارےنبی محمد رسول اللہﷺنےرفاہی امور، اورعوام کے فلاح و بہبود کی طرف بہت توجہ دلائی ہے۔ اس لیے ہرانسان کو خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے اور اپنے آس پاس بھی دیکھنا چاہئے کہ کوئی انسان ضرورت مند تو نہیں ہے۔ڈاکٹر قاسمی نے کہاکہ جس معاشرے میں خدمت ہو رہی ہووہاں سکون قلب بڑھ جاتا ہے اور جہاں ہوس، خودپرستی اور لالچ آجائے، وہاں خدمت کاجذبہ ختم ہوجاتا ہے۔ خدمت خلق کو زندہ رکھیں اور جسے بھی موقع ملے وہ دوسروں کی خدمت ضرور کریں،اس کام کیلئے مالدار ہونا ضروری نہیں ہے۔ خدمت کا تعلق مال سے نہیں ہے بلکہ خدمت کا تعلق دل سے ہے، سخاوت مال سے نہیں ہوتی، سخاوت بلکہ حوصلے سے ہوتی ہے۔اس موقع پر مولانا نسیم قاسمی،مطیع الرحمن،زبیر خاں،اے این شبلی،یاور رحمن،عثمان بھائی اوراکبر بھائی بھی موجود تھے۔