بھوپال
بھوپال میں سہ روزہ عالمی تبلیغی اجتماع آج بعد نماز فجردرس قران کے ساتھ شروع ہوگیا ہے۔ 70 ویں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے ملک و بیرون ملک سے اب تک تین ہزار آٹھ سو اکیاسی جماعتیں بھوپال پہنچ چکی ہیں جبکہ جماعتوں کے آنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ عالمی اجتماع میں شرکت کے لئے روس، انڈونیشیا، چین، سعودی عرب، ملیشیا، سری لنکا، ساوتھ افریقہ کی جماعتیں بھوپال پہنچ چکی ہیں۔
عالمی اجتماع میں شرکت کرنے کے لئے باہر سے آنے والی جماعتوں کے استقبال کے لئے بھوپال ریلوے اسٹیشن پرخاص انتظامات کئے گئے ہیں۔ اجتماع کمیٹی کے اراکین بسوں اور ٹرکوں کے ذریعہ جماعتوں کو اجتماع گاہ تک پہنچاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز بھوپال میں 1947 میں کیا گیا تھا۔ اس وقت اجتماع میں کل 13 لوگوں نے شرکت کی تھی ، لیکن اب اسی اجتماع میں ملک و بیرون ملک سے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید شرکت کرتے ہیں۔ تاکہ اللہ کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچایا جا سکے اور دنیا امن کا گہورا ہ بن سکے۔
غور طلب ہے کہ 1947 سے 2001تک اجتماع کا انعقاد بھوپال میں ایشیائ کی بڑی مسجد تاج المساجد میں کیا جاتا تھا ، لیکن جب اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد لاکھوں میں پہنچ گئی اور تاج المساجد نے اپنی تنگ دامنی کی شکایت کی ، تو اجتماع کمیٹی کے منتظمین نے اجتماع کو تاج المساجد سے بھوپال کے اینٹ کھیڑی منتقل کر دیا۔ عالمی تبلیغی اجتماع میں ہرسال پندرہ لاکھ سے زائد فرزندان توحید شرکت کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس سال اجتماع میں علمائے دین کے بیانا ت کو سننے کے لئے 60 ایکڑ زمین پر خاص پنڈال بنایا گیا ہے جبکہ 200 ایکڑ زمین میں پارکنگ اور کھانے کے لئے 45 زون بنائے گئے ہیں۔
بشکریہ نیوز 18 اردو





