ممبئی(شہاب الدین صدیقیملت ٹائمز)
بہار کی قدیم اور تاریخی درس گاہ اشرف العلوم کنہواں کے سوسال مکمل ہونے پر وہاں منعقد ہونے والے جشن صدسالہ کو کامیاب بنانے کیلئے مدرسہ کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ہندوستان سمیت دنیا بھر میں پھیلئے ابنائے قدیم بھی متحرک وفعال ہوچکے ہیں اور اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی سطح پر ہر طرح جدوجہد اور کوشش کررہے ہیں،اسی سلسلے کی ایک میٹنگ گذشتہ دنوں ممبئی میں منعقد ہوئی جس میں تقریبا چالیس ابنائے قدیم نے شرکت کی اور اشرف العلوم کے صدسالہ اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف امور پر بات چیت ہوئی اور مالی تعاون پر زیادہ فوکس کیا گیا ۔
میٹنگ کے کنوینر قاری شہاب الدین نے کہاکہ اشرف العلوم کنہواں ہماری مادر علمی ہے ،اس کیلئے تعاون کرنا اور صدسالہ کو کامیاب بنانا ہم تمام ابناءقدیم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،اسی مقصد کے تحت ابنائے اشرف العلوم کو جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ ہم سبھی مل کر ادارے کا گراں قدر تعاون کرسکیں ،انہوں نے مزید کہاکہ تقریبا تین کڑور روپے اجلاس کا بجٹ ہے جسے پورا کرنے میں ممبئی میں موجود ہم ابنائے قدیم خصوصی رول اداکریں گے ۔مولانا شمیم اختر ندوی نے کہاکہ اشرف العلوم کنہواں نے ہمیں ہماری زندگی کو سنواراہے ،ہمیں کامیاب بنایاہے اس لئے اس کی مدد کرنا او راجلاس کو کامیاب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
میٹنگ میں ممبئی کو 9 حلقو ں میں تقسیم کرکے الگ الگ علاقوں کیلئے الگ ذمہ دار کی تعین کی گئی اور انہیں اس علاقے میں مختلف لوگوں اور محبان اشرف العلوم کو جوڑنے کیلئے کہاگیا ہے ،اس کے علاوہ ہر زون کی نگرانی کیلئے چھ افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو تمام حلقوں میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کرے گی اور ہر ایک کے کام کا جائزہ لے گی ،اس کے علاوہ جنوری میں ایک تعارفی اجلاس بھی کرنے پر بھی شرکاءنے اتفاق کیا ۔
میٹنگ میں شریک ہونے والوں میں مولانا شمیم اختر ندوی (مہتمم جامعة الابرار نالاسپارہ ممبئی)مولانا انظر کمال قاسمی (نگراں ادارہ دینیات )قاری یونس مظاہری(جامعة الشیخ یونس جوگیشوری)مولانا مصفطے ،مولانا ثناءاللہ قاسمی (مدرسہ تعلیم القرآن گوونڈی)نوشاد احمد صدیقی،حافظ الطاف حسین ،مولانا اشفاق صدیقی(امام مسجد عائشہ ،اصلاح امت گوونڈی)مولانا انصار الحق قاسمی(عوارف المعارف کاندیولی)حافظ منیر الرشید،مولانا عقیل احمد قاسمی (امام مسجد مسافر نزد سنڈہرس روڈ)مولانا عبد اللہ (نگراں طیبہ مسجد ،مولانا عبد الکریم (مہتمم جامعة الشیخ یونس جوگیشوری )مفتی عبد الرحیم (امام مسجد چیمبو)،مولانا عبد الاحد ،محمد ارمان،مولانا نفیس اکبر وغیرہ کے اسماءسرفہرست ہیں ۔علاوہ ازیں دہلی سے تشریف لائے ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ یہ میٹنگ مدرسہ انوار صفہ کرلا ویسٹ میں منعقد ہوئی تھی ۔میٹنگ میں بہت سارے ابناءاشرف العلوم کسی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے تاہم انہوں نے بھی ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ،کہاجارہاہے کہ ممبئی میں تین ہزار کے قریب اشرف العلوم کے فیض یافتہ موجود ہیں ۔