آج نہیں پیش ہوگا راجیہ سبھامیں طلاق ثلاثہ بل ،اپوزیشن ترمیم پر بضد

نئی دہلی ۔2جنوری(ملت ٹائمز)
گذشتہ ہفتہ لوک سبھا سے طلاق ثلاثہ بل بآسانی پاس ہوجانے کے بعد آج راجیہ سبھا میں پیش ہوناتھا لیکن وہاں این ڈی اے کے ممبران کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے بی جے پی بل پیش کرنے سے قبل اپوزیشن کی حمایت یقینی بنانا چاہ رہی ہے تاکہ لوک سبھاکی طرح راجیہ سبھاسے بھی بآسانی یہ بل پاس ہوسکے ۔ملت ٹائمز کو ذرائع سے ملی خبر کے مطابق یہ بل آج راجیہ سبھا میں پیش ہونے کے بجائے اب کل پیش کیا جائے گا اور اس دوران مودی سرکار اپوزیشن سے بات چیت کرکے ان سے حمایت مانگ رہی ہے ۔دوسری جانب اپوزیشن اس بل میں کچھ ترمیمات پر بضد ہے ۔کانگریس ،اے ڈی ایم کے ،بی جے ڈی اس میں ترمیم چاہتی ہے ،جبکہ ایس پی ،سی پی ایم ،این سی پی اور دیگر پارٹیاں بل کے خلاف ہیں ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈاور دیگر مسلم تنظیموں نے بھی موجودہ شکل میں یہ بل قبول کرنے سے انکارکررکھاہے ۔تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ یہ بل اب سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا
ہم آپ کو بتادیں کہ راجیہ سبھا میں اس وقت کل 228 ممبران پارلیمنٹ ہیں جن میں سے بی جے پی کے پاس صرف 57 ہے جبکہ این ڈی اے کی سیٹیں شامل کرکے یہ تعداد 76 ہوتی ہے ،اکثریت کیلئے 120 سیٹیں چاہیئے ۔