پاپولر فرنٹ پرجھارکھنڈ میں پابندی کے خلاف ملک گیر احتجاج۔نئی دہلی میں نکالا گیا جھارکھنڈ بھون مارچ

نئی دہلی ۔24فروری(ملت ٹائمز)
جھارکھنڈ میں ریاستی حکومت کے ذریعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں عوامی احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ملک کی بیشتر ریاستوں میںپاپولر فرنٹ کے کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے ان مظاہرات میں شرکت کی۔ اس ضمن میں منی پور، مغربی بنگال، بہار، آسام، نئی دہلی، راجستھان، مہاراشٹر، آندھر پردیش، تیلنگانہ، گوا، کرناٹک، پونڈی چیری، تملناڈو اور کیرالہ جیسی ریاستوں میں سیکڑوں پروگرام منعقد کیے گئے۔
قومی دارالحکومت نئی دہلی میںخواتین سمیت سیکڑوں افراد نے جھارکھنڈ بھون مارچ میں حصہ لیا۔ مظاہرے کے دوران فلک شگاف نعروں کے ذریعہ جھارکھنڈ حکومت سے پابندی واپس لینے اور پابندی کے نام پر ریاست میں پولیس کے ذریعہ ہراساں کیے جانے کے واقعات کو فوری طور سے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ سکریٹری حلقہ انیس انصاری، صوبائی صدر پرویز احمد اور ایس ڈی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے ریلی سے خطاب کیا۔ تنظیمی قائدین پر مشتمل ایک وفد نے ڈیوٹی پر موجود افسر سے ملاقات کی اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ و گورنر کے نام ایک میمورنڈم بھی سونپا۔ افسر نے وفد کو یہ یقین دہانی کرائی کہ اس جانب وزیر اعلیٰ کی توجہ مبذول کرائی جائے گی اور اس پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک وقت بھی طے کیا جائے گا۔
پاپولر فرنٹ کے جنرل سکریٹری ایم محمد علی جناح نے اپنے ایک بیان میں عوام کی دل سے ستائش کی، جنہوں نے آج ملک بھر میں منعقدہ احتجاجی پروگراموں کے ذریعہ اپنا احتجاج درج کیا اور اس جانب اپنی فکرمندی کا ثبوت پیش کیا۔ محمد علی جناح نے کہا کہ جھارکھنڈ حکومت کے اس غیر جمہوری اقدام کے خلاف عوام کی بلند ہوتی آوازیں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کو نشانہ بنانے کے پیچھے چھپی اصل طاقتوں کے لیے کھلا انتباہ ہے۔