برطانیہ میں3 اپریل کو یوم عذاب برائے مسلم منانے کی اپیل ،عوام کے درمیان گردش کررہاہے اس طرح کا پرچہ

لندن۔12مارچ(ایجنسیاں)
برطانیہ کے انسداد دہشت گردی سے وابستہ افسران ملک کے کئی حصوں سے منظر عام پر آ رہے ان پرچوں کی جانچ میں مصروف ہیں جن میں لوگوں سے 3 اپریل کو ’پنش اے مسلم ڈے‘ یعنی ’مسلمانوں کو سزا دینے کا دن ‘ منانے کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ پرچے لوگوں کے پاس ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے ہیں۔پرچے میں لکھا ہے۔ ”انہوں نے تمہیں زخمی کیا، انہوں نے تمہارے پیاروں کوتکلیف پہنچائی۔ وہ تمہاری تکلیفوں اور سردرد کی وجہ بنے۔ تم اس کے جواب میں کیا کروگے؟“انگلینڈ میں لندن یارکشائر اور مڈلینڈس علاقہ کے رہائشیوں نے ایسے خطوط ملنے کی اطلاع دی ہے۔ پولس نے ان خطوط کو غلط نیت سے تحریر شدہ قرار دیا ہے۔ ویسٹ یارکشائر کی پولس نے کہا ہے کہ برطانیہ کی نارتھ ایسٹ کاونٹ ٹرریزم یونٹ (این ای سی ٹی یو) اس واقعہ کی جانچ کر رہی ہے۔
معاون ہیڈ کانسٹیبل اینجیلا ولئمز نے کہا ”میں ویسٹ یارکشائر کے لوگوں سے اس بات کا یقین دلانا چاہتی ہوں کہ ان خطوط کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے خوف کا ماحول پیدا ہوگا اور بالخصوص سماج کے کمزور طبقات مایوس ہوں گے۔ “ انہوں نے کہا ”عوامی سلامتی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور میں لوگوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ محتاط رہیں اور ڈریں نہیں۔ “ انسداد دہشت گردی پولس ان پرچوں کو نفرت آمیز جرم کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔’الجزیرہ ‘ کے مطابق برطانوی مسلمانوں، علمائے دین، سیاستدانوں اور سول رائٹس گروپوں نے مسلم مخالف پرچوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مسلم کونسل آف بریٹن کے جنرل سکریٹری مقداد وارثی نے الجزیرہ کو بتایا ”برطانیہ بھر میں مسلمانوں کو اس طرح کے خطوط بھیجے گئے ہیں جو کافی تشویش ناک ہیں۔ اس معاملہ میں پولس کی تحقیقات کے فیصلہ کا، ہم خیرمقدم کرتے ہیں“ انہوں نے مزید کہا ”یہ مسلمانوں کے تئیں نفرت کے عروج کو نمایاں کرتا ہے۔ ہمارے منتخب نمائندگان کو اس کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا اور اسلام مخالف ان واقعات کے خلاف اسی طرح کارروائی کرنی ہوگی جس طرح کسی دوسرے مذہب یا گروپ کے معاملہ میں ہوتی ہے۔“سیاسی جماعت لیبرپارٹی کی رہنما اور بیریسٹر یاسمین قریشی کا کہنا ہے” میں یہ جان کر حیرت میں ہوں کہ انتہاپسند بزدل لوگ خطوط بھیج کر لوگوں کو مسلمانوں پر حملہ کے لئے اکسا رہے ہیں۔

“لیبر پارٹی کے برمنگھم سے رکن پارلیمنٹ جیس فلپ نے کہا ”یہ ناقابل یقین ہے۔ اگر میرے حلقہ انتخاب کے کسی شخص کو خطوط ملے ہیں تو برہ کرم رابطہ کریں۔“ویسٹ یارکشائر کے بریڈفورڈ ویسٹ سے رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کا کہنا ہے” یہ ناقابل یقین ہے، یہ صرف انہیں کو پریشان کرنے والا نہیں جنہیں یہ خطوط موصول ہوئے ہیں ، بلکہ تمام طبقات اس سے پریشان ہوں گے۔ “چرچ آف انگلینڈ کے بین مذاہب امور کے سربراہ انڈریو سمتھ نے ٹوئٹر پر لکھا ” اس بات پر مجھے کافی غصہ آ رہا ہے کہ ’مسلمانوں کو سزا دینے کا دن ‘منانے کی اپیل کرنے والے خطوبھیجے گئے ہیں۔ میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ اس طرح کے خط کا موصول ہونا کتنا دل دہلا دینے والا اور خطر ناک ہے۔ یہ وقت سماج میں امن و امان قائم کرنے اور خوفزدہ لوگوں کے تئیں اظہار یکجہتی کا ہے۔

SHARE