جینس اور شرٹ پہننے والی خواتین خواجہ سراوں کو جنم دیتی ہیں:پروفیسر رجت کمار کا بیان

تری ونت پورم :4اپریل(ایجنسیاں)
کیرالہ میں ایک کالج کے پروفیسر نے بدھ کو یہ تبصرہ کرکے ایک نئے تنازع کو جنم دیدیا کہ جینس اور شرٹ پہننے والی خواتین خواجہ سراوں کو جنم دیں گی۔ ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے پروفیسر رجت کمار کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے اور انہیں اسکولوں و کالجوں میں سرکار کے ذریعہ چلائی جارہی بیداری کلاسیز سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر صحت کے کے شیلجا نے ایک بیان میں کہا کہ رجت کمار نے اب تک اپنا متنازع بیان واپس نہیں لیا ہے۔ حکومت ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے پر غور کررہی ہے۔ وہ توہم پرستی کو فروغ دے رہے ہیں اور مسلسل خواتین مخالف تبصرے کررہے ہیں۔
کلاڈی کے شری سنکر سنسکرت یونیورسٹی کے پروفیسر کمار نے کسار گوڑ میں طلبہ کیلئے منعقدہ ایک بیداری کلاس کے دوران مبینہ طور سے کہا کہ جینس اور شرٹ پہننے والی اور مردوں کی طرح کپڑے پہننے والی خواتین ٹرانسجینڈروں کو جنم دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ میں چھ لاکھ سے زیادہ ٹرانسجینڈر ہیں۔