کئی سالوں کے تعطل کے بعد رواں ماہ کے اخیر میں ہوسکتی ہندو پاک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

نئی دہلی (ایم این این )
وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رواں مہینے کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر وزیر خارجہ س±شما سوراج اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گی۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کو پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں تجویز کیا تھا۔
یہ اہم ہے کہ کئی برسوں بعد دونوں ملکوں کے اعلیٰ ترین سفارتکار ملاقات کریں گے۔ بظاہر اس پیشرفت کو سفارتی اور دونوں ملکوں کے سیاسی حلقے مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں لیکن اس ملاقات میں کسی بریک تھرو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے چودہ ستمبر کو ہندوستان کے وزیراعظم کے نام خط تحریر کیا تھا۔ یہ خط نریندر مودی کی جانب سے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مبارک باد کے پیغام کے جواب میں لکھا گیا۔ عمران خان نے اپنے خط میں تعمیری مذاکرات کو دونوں ملکوں کے لیے اہم قرار دیا۔
اسی خط میں عمران خان نے سارک ملکوں کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ سے قبل نیویارک میں جنرل اسمبلی میں شریک دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کی تجویز پیش کی تھی۔ پاکستانی وزیراعظم نے اپنے خط میں تمام متنازعہ معاملات بشمول تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کو وقت کی ضرورت بھی قرار دیا۔ انہوں نے سیاچن اور سر کریک کے حل طلب معاملات پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی جانب اشارہ کیا۔
یہ امر اہم ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن جیتنے کے بعد اپنی تقریر میں واضح کیا تھا کہ اگر بھارت پاکستان کی جانب ایک قدم بڑھائے گا تو ا±ن کی حکومت دو قدم آگے بڑھے گی۔ اس تناظر میں پاکستانی وزارت خارجہ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم مودی کے مثبت جذبات کے جواب میں ویسے ہی مثبت جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تمام حل طلب معاملوں پر بات چیت شروع کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ڈاکٹر فیصل کے مطابق اسلام آباد اس وقت نئی دہلی کے جواب کا منتظر ہے۔

SHARE