خواتین کی حفاظت کیلئے سخت قوانین بنا کر نافذ کیا جائے، عورتوں میں بیداری لانے کیلئے ویمن انڈیا موومنٹ شروع کررہی ہے ملک گیرتحریک

خواتین میں بیداری لانے اور انہیں انصاف دلانے کیلئے23 ستمبر 2018تا 8مارچ 2019ملک گیر مہم کا اعلان
بنگلور(ایم این این )
ویمن انڈیا موؤمنٹ (Women India Movement) نے بنگلور پریس کلب میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ملک بھر میں خواتین جن خطرناک حالات اور صورتحال سے گذررہی ہیں اس کے مدنظر ویمن انڈیا موؤمنٹ نے 23ستمبر 2018تا 8مارچ 2019 ” خواتین پر تشدد بند کرو ” اور “ّ آئیے ہمارے تحفظ کیلئے لڑائی لڑیں ” کے نعروں کے ساتھ ایک ملک گیر مہم چلائے گی۔اس مہم کا افتتاحی پروگرام 23ستمبر 2018کو جئے محل پالنا بھون ، بنگلور میں شام 4.30بجے ہوگا۔ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی صدر محترمہ یاسمین فاروقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد، عصمت دری،خانگی تشدد،ہراسانی،جنسی تشدد اور قتل ،تعلیمی پسماندگی،سماجی بائیکاٹ،نفسیاتی تشدد،حراستی عصمت دری اور خواتین کو آزادی سے محروم کرنے جیسے مظالم بڑھتے جارہے ہیں۔ حکومتیں ترقی پسند اور اختلاف رائے رکھنے والی خواتین کو خاموش کرنے کی خطرنا ک اقدامات اور اقلیتی طبقات کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کیلئے ظالمانہ قوانین متعارف کر رہی ہیں۔ ملک میں خواتین ، دلتوں اور قبائیلیوں پر مظالم ڈھایا جارہا ہے۔اس کے خلاف ویمن انڈیا موؤمنٹ اس ملک گیر مہم کے ذریعے ملک بھر میں پوسٹر مہم، سمینار، عوامی اجلاس، نکڑ ناٹک اور گھر گھر جاکر خواتین سے ملیں گی اور انہیں آئین میں حاصل حقوق کے بارے میں بتا کر ان میں بیداری لائی جائی گی۔نیز مہم کے دوران ویمن انڈیا موؤمنٹ کے لیڈران اور کارکنان ملک بھر میں متاثرہ خواتین کی تفصیلات اکھٹا کرکے انہیں انصاف دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔
ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی جنرل سکریٹری محترمہ شاہدہ تسنیم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ خواتین کو ملک میں سماجی تبدیلی لانے کیلئے کام کرنا چاہئے۔خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے حقوق کی حصولیابی کیلئے جدوجہد کریں اور سماج میں بنیادی اور انقلابی تبدیلی لانے کیلئے خود کو بااختیار بنائیں۔ویمن انڈیا موؤمنٹ کی راجستھان ریاستی صدر محترمہ مہرالنساء خان نے کہا کہ جس ملک میں عورت کو دیوی کے روپ میں پوجا جاتا ہے اس ملک میں عورتیں اور یہاں تک کے چھوٹی بچیوں کی عصمت ریزی کی جارہی ہے جو ہمارے ملک کیلئے انتہائی شرم اور تشویش کی بات ہے۔ ہندوستان میں بڑھتے عصمت دری کے واقعات سے خواتین خوف و ہراس میں جی رہی ہیں لہذا ویمن انڈیا موؤمنٹ اپنے اس مہم کے ذریعے ملک بھر کی مظلوم خواتین کی آواز کو حکومتوں تک پہنچائیں گی اور انہیں انصاف دلانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں خواتین پر ہورہے مظالم کو روکنے کیلئے خواتین میں ہمت و حوصلہ پیدا کرکے انہیں مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے قابل بنایا جائے گا۔ویمن انڈیا موؤمنٹ (WIM) کی عہدیداران نے اخباری کانفرنس میں پچھلے 4سال کے (National Crime Record Bureau)کے اعداد وشمار کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف ریاستی حکومتوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں نے ملک میں خواتین کے خلاف ہونے والے مظالم کو روکنے اور خواتین کے قابل رحم حالات کو سدھارنے کیلئے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے۔اس اخباری کانفرنس میں ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی صدر محترمہ یاسمین فاروقی، قومی جنرل سکریٹری محترمہ شاہد ہ تسنیم، WIM راجستھان کی ریاستی صدر محترمہ مہرالنساء خان،مغربی بنگال سے صوفیہ پروین،تمل ناڈو سے محترمہ نجمہ ، کیرلا سے محترمہ ریحانات اور کرناٹک سے محترمہ عائشہ باجپے،شریک رہیں۔ اخباری کانفرنس کے اختتام میں ویمن انڈیا موؤمنٹ کی اس ملک گیر مہم کے پوسٹر کا اجراء کیا گیا۔ویمن انڈیا موؤمنٹ کی قومی جنرل سکریٹری شاہدہ تسنیم نے ملک کی خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک گیر تحریک میں شامل ہوکر اپنے حالات بدلنے اور اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے کمر بستہ ہوجائیں۔
SHARE