جامعہ میں وی سی کے منصب پر فائز ہونے کیلئے کچھ لوگ آر ایس ایس کے یہاں سجدہ ریز ہیں ،کچھ مجھ پر دباﺅ بنارہے ہیں :جسٹس سہیل اعجاز صدیقی

عموما حکومت سے قربت رکھنے والے ہی اس طرح کے عہدہ پر فائز ہوتے ہیں،بی جے پی حکومت سے جن لوگوں کی قربت ہے اس میں نمایاں نام قومی کونسل کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم کا ہے

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
ملک کی معروف اور عظیم یونیورسیٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی میں وائس چانسلر بننے کی جنگ مسلسل تیزہوتی جارہی ہے ،اس عہدہ پر فائزہونے کیلئے کچھ لوگ آر ایس ایس کے یہاں چکر لگارہے ہیں تو وہیں کچھ لوگ سرچ کمیٹی کے رکن سابق جسٹس سہیل اعجاز صدیقی سے رابطہ کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کی مدت پوری ہونے کے بعد تقریبا ایک ماہ سے یہ عہدہ خالی ہے اور اس پر فائزہونے کیلئے مختلف لوگ کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ،جامعہ ایگزیکیٹو کونسل نے اس سلسلے میں ایک سہ رکنی سرچ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں ایک نمایاںاقلیتی ایجوکشن انسٹی ٹیوٹ کے سابق چیرمین جسٹس سہیل اعجاز صدیقی کابھی ہے ۔
ملت ٹائمز سے انہوں نے بات کرتے ہوئے بتایاکہ جامعہ کے رجسٹرار نے مجھے فون کرکے بتایاتھا کہ وی سی کے انتخاب کیلئے ایک سہ رکنی سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ایک رکن آپ ہیں تاہم حکومت ہند سے مجھے اس سلسلے میں کوئی اطلاع اور نوٹس نہیں دی گئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ سرچ کمیٹی کے رکن کے طور پر میرا نام آنے کے بعد مختلف لوگ مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں،دباﺅ بھی بنارے ہیں تاہم ہم نے ملنے سے صاف انکار کردیاہے اور اس مقصد سے ملنے کا دباﺅبنانے والوں کو صاف لفظوں میں منع کردیا ہے کہ آپ اس سلسلے میں ہر گز کوئی رابطہ نہ کریں ،ملت ٹائمز نے جب یہ جاننے کی کوشش کی ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کرنے والے یہ کون ہیں تو انہوں نے نام بتانے سے انکار کیا ۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ مجھے یہ خبر مل رہی ہے کہ متعدد حضرات وائس چانسلر بننے کیلئے آر ایس ایس کے یہاں سجدہ ریز ہیں ۔

واضح رہے کہجامعہ ملیہ اسلامیہ کے وی سی کا عہدہ بہت اہم ماناجاتاہے اور عموما حکومت سے قربت رکھنے والے ہی اس طرح کے عہدہ پر فائز ہوتے ہیں،بی جے پی حکومت سے جن لوگوں کی قربت ہے اس میں نمایاں نام قومی کونسل کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ارتضی کریم کا ہے ،اس سے قبل قومی کونسل کے ڈائریکٹر،مولانا آزادی نیشنل اردو یونیورسیٹی کے چانسلر اور دیگر ایسے عہدوں پر وہی مسلمان فائز ہوئے ہیں جن کی بی جے پی اور آر ایس ایس قربت ہے ۔دوسری طرف جامعہ کے اساتذہ کا کہناہے کہ وی سی ہمارے درمیان میں سے ہی کوئی ہو ۔ یہ بھی ابھی تک واضح نہیں ہے کہ وی سی کا انتخاب جامعہ کی تشکیل شدہ سرچ کمیٹی کرے گی یہ حکومت کرے گی؟۔

SHARE