جب تک تعلیمی سلسلہ جاری ہے ملٹی میڈیا موبائل سے خود کو دررکھیں ،بزم سجاد کے اجلاس میں طلبہ سے مولانا عباس قاسمی کا خطاب

”موجودہ ہندوستان میں اقلیتوں کا وجود “ خطرات وامکانات کے عنوان سے مکالمہ پیش کئے گئے جس میں این آرسی پر ایک عدالتی سیشن بھی رکھا گیا تھا
دیوبند(ملت ٹائمزرضوان سلمانی)
دارالعلوم دیوبند کے طلبہ بہار، جھار کھنڈ، اڑیسہ ونیپال کی مرکزی انجمن بزم سجاد کا افتتاحی پروگرام دارالحدیث تحتانی میں منعقد ہوا۔ جس میں مختلف عنوان سے تقاریریں پیش کی گئیں، خاص طور پر ”موجودہ ہندوستان میں اقلیتوں کا وجود “ خطرات وامکانات کے عنوان سے مکالمہ پیش کئے گئے جس میں این آرسی پر ایک عدالتی سیشن بھی رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر پروگرام کی صدارت کررہے مفتی اشرف عباس قاسمی نے طلبہ کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے آپ کو پہچانیں ، علم کے زیور سے آراستہ ہوں اور اپنے آپ کو دفاع پر منحصر نہ کریں بلکہ اقدام کرنے کی کوشش کریں ، اگر باطل طاقتیں ایک سوال کریں تو آپ اس کو سوالوں سے لاجواب کردیں اور یہ تبھی ممکن ہوگا جب آپ لوگ دلجوئی اورمحنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس کے لئے مطالعہ بہت ضروری ہے جتنا آپ مطالعہ کریں گے آپ کے اندر پختگی آئے گی ،مطالعہ کی اہمیت وافادیت سے ہر صاحب شعور واقف ہے ، مطالعہ سے دل ودماغ اور ذہن زرخیز ہوتا ہے ، مطالعہ اور کتب بینی سے انسان کا فکری ارتقا ہوتا ہے اور خیالات ونظریات میں پختگی پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس قوم میں مطالعہ اور تحقیق کا ذوق پیدا ہوجاتا ہے تو وہ قوم ترقی کی راہ پر چل پڑتی ہے وہ قوم ترقی کی طرف گامزن ہوجاتی ہے ، کتب بینی سے ہمیں اپنے اکابر کے سلسلہ میں بھی معلوم ہوتا ہے اور ان کی طرز زندگی کے سلسلہ میں معلومات حاصل ہوتی ہے اور ان کے نقش قدم پر چلنا آسان ہوجاتا ہے۔
مولانا نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ طالب علمی کے دور میں اپنے آپ کو لہو لعب سے ہر ممکن بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ، جب تک آپ کا تعلیمی سلسلہ جاری رہے آپ ملٹی میڈیا موبائل سے اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھیں اور یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں کیوں کہ باطل طاقتوں کا مقابلہ آپ لوگ سوشل میڈیا کے سطحی معلومات سے نہیں کرسکتے بلکہ اس کے لئے ٹھوس علم کی ضرورت ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب آپ کو محنت اور لگن کے ساتھ علم حاصل کریں کیوں کہ یہ وقت آپ لوگوں کے لئے بڑا مفید ہے اگر اس میں آپ نے محنت نہیں کی تو پوری عمر پچھتاوے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
اس موقع پر بزم کے صدر محمد ارشد، ناظم محمد علاﺅ الدین ، مظفر کمال، مبارک صدیقی، شاہ زیب حسن، علیم الدین ، عبیدہ حبیب وغیرہ موجود رہے۔ اجلاس کا اختتام مولانا مفتی اشرف عباس قاسمی کی دعا پر ہوا۔

SHARE