شہید محمد عظیم کے اہل خانہ کو دہلی سرکار نے پانچ لاکھ روپیہ دینے کا اعلان کیا

ہمارے حلقے میں یہ پہلا حادثہ ہے جو افسوسناک ہے اور یہ مسئلہ ہندومسلمان کا نہیں اورنہ ہی فرقہ پرستی کا ہے ۔بچہ اب واپس نہیں آسکتاہے لیکن ہمارا وعدہ ہے کہ جولوگ اس میں ملوث ہیں ہم اس کے خلاف سخت کاروائی چاہتے ہیں
نئی دہلی (شہنواز ناظمی ملت ٹائمز)
گذشتہ کل دہلی کے مالویہ نگر میں بیگم پور مدرسہ میں مارے گئے ایک آٹھ سالہ طالب عالم محمد عظیم کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کجریوال سرکارنے ملزمین کے خلاف کاروائی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے وہیں شہید محمد عظیم کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپیہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔
ملت ٹائمز کی علاقائی ویب سائٹ میوات ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مالویہ نگر کے ایم ایل اے سومناتھ بھارتی نے کہاکہ ہمارے حلقے میں یہ پہلا حادثہ ہے جو افسوسناک ہے اور یہ مسئلہ ہندومسلمان کا نہیں اورنہ ہی فرقہ پرستی کا ہے ۔بچہ اب واپس نہیں آسکتاہے لیکن ہمارا وعدہ ہے کہ جولوگ اس میں ملوث ہیں ہم اس کے خلاف سخت کاروائی چاہتے ہیں اور پولس کے ساتھ ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہماری سرکار نے مرحوم محمد عظیم کے اہل خانہ کیلئے پانچ لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔اس سے قبل اوکھلا سے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان نے بھی وہاں جاکر مدرسہ کی انتظامیہ اور اہل خانہ سے ملاقات کرکے مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی اور اپنی حکومت سے پانچ لاکھ روپے دلوانے کا تذکرہ کیا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ کل دہلی کے بیگم پور میں مدرسہ کے آٹھ سالہ طالب علم کو کچھ غیر مسلم بچوں نے بری طرح مارکر شہید کردیا جس کے بعد پولس نے چاروں ملزمان کو حراست میں لے لیاہے ۔مزید تفصیل کیلئے دیکھیں ملت ٹائمز کی یہ گراﺅنڈ رپوٹ

SHARE