دہلی اور احمد آباد میں سخت احتجاج ۔ 8 سالہ شہید محمد عظیم کے قاتلوں کو سخت سزادینے کا مطالبہ

مظاہرین نے الزام لگایا کہ دہلی پولس لنچنگ کے اس واقعہ کو بچوں کا جھگڑا بتاکر مجرموں کے خلاف کوئی کار وئی نہیں کررہی ہے اور نہ قاتلوں کو سزا دے رہی ہے
دہلی (ملت ٹائمز)
دہلی کے بیگم پور میں مارے گئے آٹھ سالہ شہید محمد عظیم کے قاتلوں کے خلا ف سخت کاروائی کرنے اور متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔آج بھی دہلی میں آئی ٹی او پر واقع پولس ہیڈ کواٹر کے سامنے سینکڑوں نوجوانوں اور سول سائٹی کے لوگوں نے احتجاج کرکے دہلی پولیس کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے قاتلوں کے خلاف ایکشن لینے اور عظیم کے والد کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ دہلی پولس لنچنگ کے اس واقعہ کو بچوں کا جھگڑا بتاکر مجرموں کے خلاف کوئی کار وئی نہیں کررہی ہے اور نہ قاتلوں کو سزا دے رہی ہے ۔
دوسری طرف احمد آباد میں بھی سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) گجرات شاخہ کی جانب سے پارٹی ریاستی نائب صدر عبدالحمید کی قیادت میں احتجاج کیا گیا جس میں دہلی مالویہ نگر کے ایک مدرسہ کے طالب علم 8سالہ محمد عظیم جس کو بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا تھا اس کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کے مطالبے کو لیکر احمد آباد جے پی نگر تا سید مسجد ایک احتجاجی قندیل مارچ نکالا گیا۔اس احتجاجی مظاہرے میں شریک رہے ایس ڈی پی آئی قومی ورکنگ کمیٹی رکن ڈاکٹر نظام الدین خان نے اپنی تقریر میں معصوم محمد عظیم کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات صر ف دہلی کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے شرمناک بات ہیں۔ملک میں بڑھتے ہوئے ماب لنچنگ کے واقعات پر ڈاکٹر نظام الدین خان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اس طرح کے واقعات کو روکنے میں بری طرح ناکام ہے۔جس سے ملک کے دلت اور اقلیتی طبقوں میں عدم تحفظ کا احسا س بڑ ھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ڈی پی آئی مطالبہ کرتی ہے کہ محمد عظیم کے قتل معاملے میں منصفانہ انکوائری کرکے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔انہوں نے ملک کے انصاف پسند، انسانیت نواز اور امن پسند عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کے دوران تماشائی بن کر نہ رہیں بلکہ اس کو روکنے کی کوشش کی کریں اور ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیت کو برقرار رکھنے میںاپنا کردار نبھائیں اور ان سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ اس قندیل مارچ میں ایس ڈی پی آئی گجرات کے ریاستی سکریٹری شیخ اکرام، محمد فاروق انصاری،ریاستی ورکنگ کمیٹی رکن ارشاد،ایس ڈی پی آئی باپونگر برانچ صدر عمران خان پٹھان، وڈوا برانچ صدرشاداب لوگر،ناگوری برانچ صدر شاکر بھائی اور جمعیتہ العلماء، احمد آباد کے صدر مفتی عبدالقیوم سمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان شریک رہے۔

SHARE