وینزویلا میں صدر کے خلاف بغاوت ۔ 13 افراد ہلاک۔امریکی سفارت کاروں کو 72 گھنٹے میں ملک چھوڑدینے کا حکم

وینزویلا کے صدر مادورو نے قوم سے خطاب میں امریکی مداخلت پر سخت غصے کا اظہار کیا اور امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹوں کا وقت دیدیا

کراکس(ایم این این )
وینزویلا میں صدر مادورو کے خلاف بغاوت کے بعد ملک گیر احتجاج اور مظاہروں کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا میں صدر مادورو اور اپوزیشن کے درمیان اختیارات کی زبردست جنگ چھڑ گئی، اپوزیشن لیڈر گوائڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیدیا ہے، وینزویلا کے صدر مادورو نے قوم سے خطاب میں امریکی مداخلت پر سخت غصے کا اظہار کیا اور امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹوں کا وقت دیدیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر گوائڈو کی جانب سے خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دینے کے بعد ملک میں شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران احتجاجی مظاہروں میں اب تک 13 افراد ہلاک اور متعدد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین، امریکا، برازیل، کولمبیا اور پرو سمیت کئی جنوب امریکی ممالک نے حزبِ اختلاف کے رہنما گوائڈو کو صدر تسلیم کر لیا ہے