پولنگ کے دن صبح چار بجے سے چلے گی دہلی میٹرو

نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)
لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں12 مئی کو دہلی میں ہونے والے پولنگ کے پیش نظر میٹرو سروس اپنے مقررہ وقت سے دو گھنٹے پہلے صبح چار بجے سے شروع ہو جائے گی۔میٹروانتظامیہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق 12 مئی کو پولنگ کے دن صبح چار بجے سے میٹرو ریل کی سروس شروع ہو جائے گی۔جس سے انتخابات کی ڈیوٹی میں تعینات ملازم مقررہ وقت پر پولنگ مراکزپرپہنچ سکیں گے۔صرف دوارکا سیکٹر21 سے ویشالی روٹ پرصبح ساڑھے چار بجے سے میٹروسروس شروع ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ عام دنوں میں میٹرو سروس صبح چھ بجے شروع ہوتی ہے۔ اگرچہ اتوار کو چند لائنوں پر صبح چھ بجے اورکچھ پرآٹھ بجے سے میٹروسروس شروع ہوتی ہے۔میٹرو انتظامیہ نے واضح کیا کہ اتوار کو ووٹنگ کے دن تمام روٹ پرصبح چار بجے سے صبح چھ بجے تک 30 منٹ کے وقفے پرمیٹروریل چلے گی۔چھ بجے کے بعد اتوار کی سروس شیڈول کے مطابق میٹروسروس بحال رہے گی۔