نوٹ بندی اورجی ایس ٹی نے معیشت کوتباہ کیا،آم کھانامت سکھاﺅ،بتاﺅروزگارکتنادیا؟

راہل کا مودی پر طنز: تو بارش میں سارے ہوائی جہاز رڈار سے غائب ہوجاتے ہوں گے
نیمچ ،14مئی(آئی این ایس انڈیا)
کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم کے اس بیان کا مذاق اڑایا جس میں مودی نے کہا تھا کہ بالاکوٹ فضائی حملے کے دوران ابر رہنے سے ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کو رڈار سے بچنے میں مدد ملی۔راہل نے کہا کہ تب تو مودی جی جب ہندوستان میں بارش اور طوفان آتے ہیں تو سارے ہوائی جہاز رڈار سے غائب ہوجاتے ہوں گے۔انہوں نے مودی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی جی جب ہندوستان میں بارش آتی ہے، طوفان آتا ہے، تو پھر پورے کے پورے ہوائی جہاز رڈار میں غائب ہو جاتے ہیں کیا؟۔ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کے ساتھ مودی کے انٹرویو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے راہل نے کہاکہ نریندر مودی جی کے آج کل کے انٹرویو دیکھئے،نریندر مودی جی ملک کو بتائیں گے کہ میں آم کو اس طرح سے کھاتا ہوں اور آم کو اس طرح سے چھلتا ہوں،پھر نریندر مودی جی کہیں گے، دیکھو میرا کرتا دیکھو،میں نے کرتے کی سلیو کو کاٹا، کیونکہ میں اٹیچی میں جگہ بنانا چاہتا تھا۔ مودی نے اس بات چیت میں اکشے کمار سے کہا تھا کہ بچپن سے انہیں آم کھانا پسند ہے اور آج بھی ہے۔راہل نے کہاکہ مودی جی آپ ہمیں آم کھانا سکھاتے ہو، اب ملک کو بتائیے کہ آپ نے بے روزگار نوجوانوں کے لئے کیا کیا؟ ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے ملک کی اقتصادیات خراب ہونے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نافذ کرکے گزشتہ پانچ سال میں جو ناانصافی کی، اس کو ٹھیک کرنے کے لیے کانگریس سے کم آمدنی منصوبہ بندی(انصاف)لے کر آ رہی ہے۔اس منصوبہ میں ملک کے پانچ کروڑ غریب خاندانوں کو 6000 روپے ماہانہ کے حساب سے 72000 روپے سال میں دیے جائیں گے۔راہل نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں اور چھوٹے اور درمیانہ دکاندار اور تاجر پریشان ہیں۔