اقتدار کا نشہ : بی جے پی ممبر اسمبلی نے آئی اے ایس کو دی دھمکی

’ آپ نئے نئے آئے ہیں ، عوامی نمائندہ سے بات کرنا نہیں آتا‘
بھوپال 15جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
بینا میں بی جے پی ممبر اسمبلی کی طرف سے آئی اے ایس کو دھمکانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اتنا ہی نہیں آئی اے ایس سے پھٹکارتے وقت رکن اسمبلی کی کئی بار زبان پھسلی اور وہ ”تم تام“ پر اتر آئے۔ ممبر اسمبلی کے حامی آئی اے ایس کو کام کرنے کا طریقہ سمجھانے لگے۔دراصل بینا میں اس وقت نئے مقرر ہوئے آئی اے ایس کے ایل مینا کے پاس ایس ڈی ایم کا چارج ہے۔ وہ انتظامی کام کی باریکیاں سیکھ رہے ہیں۔ پیر کی دوپہر علاقے کے ممبر اسمبلی مہیش رائے اپنے قریب درجن بھر حامیوں کے ساتھ بجلی کے مسئلے کو لے کر ایس ڈی ایم آفس پہنچ گئے۔ممبر اسمبلی نے افسر مینا سے میمورنڈم لینے کی بات کہنے لگے ۔ اس پر انہوں نے رکن اسمبلی سے کہا کہ آپ میمو رنڈم تحصیلدار کو دے دیں۔ ایس ڈی ایم کے اتنا کہتے ہی ممبر اسمبلی بھڑک گئے۔ ایس ڈی ایم کے سامنے ہی اپنے حامیوں کے ساتھ ایس ڈی ایم مردہ باد کے نعرے لگانے لگے۔اس دوران جب ایس ڈی ایم نے ممبر اسمبلی اور ان کے حامیوں کو شور نہ مچانے کی بات کہی، تو ممبر اسمبلی بھڑک گئے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو عوامی نمائندہ سے بات کرنے کا طریقہ نہیں ہیں۔ نئے نئے آئے ہیں ، اس کے بعد رکن اسمبلی کے حامی ایس ڈی ایم کو کام کس طرح کرنا ہے یہ سمجھانے لگے۔