نئی دہلی 15جولائی ( آئی این ایس انڈیا )
نوک جھونک کے بعد لوک سبھا نے پیر کواین آئی اے ترمیمی بل 2019 کی منظوری دے دی جس میں این آئی اے کو ہندوستان سے باہر کسی سنگین جرم کے سلسلے میں کیس رجسٹر کرنے اور تحقیقات کی ہدایت دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایوان زیریں میں بل پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ آج جب ملک اور دنیا کو دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا ہے، ایسے میں این آئی اے ترمیم بل کا مقصد جانچ ایجنسی کو قومی مفاد میں مضبوط بنانا ہے۔اس سے پہلے بل پر بحث کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ اور اسد الدین اویسی کے درمیان نوک جھونک بھی دیکھنے کو ملی۔ اپوزیشن کا جواب دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ اس قانون کا استعمال دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے کیا جائے گا، مگر یہ بھی نہیں دیکھا جائے گا کہ یہ کس مذہب کے شخص نے کیا ہے۔وزیر داخلہ ریڈی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، ذات اور علاقہ نہیں ہوتا، یہ انسانیت کے خلاف ہے۔ اس کے خلاف لڑنے کی حکومت، پارلیمنٹ، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ ریڈی نے کچھ ارکان کی طرف سے بحث کے دوران لیفٹ دہشت گردی اور مذہب کا مسئلہ اٹھائے جانے کے تناظر میں کہا کہ حکومت ہندو- مسلم کی بات نہیں کرتی ہے۔ حکومت کو ملک کی 130 کروڑ عوام نے اپنی حفاظت کی ذمہ داری دی ہے اور جسے چوکیدار کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی نے قبول کیا ہے۔ ملک کی سلامتی کے لئے حکومت آگے رہے گی۔






