ٹرین ٹکٹ کینسل کرانے کی ڈیڈلائن 31جولائی کی گئی۔ آن لائن بکنگ کرنے والوں کو سہولت

نئی دہلی: (ملت ٹائمز) ریلوے کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کے اعلان کے بعد ریلوے بورڈمیں متعلقہ حکام کی فوری میٹنگ ہوئی۔ اسی میں فیصلہ ہوا کہ اب لوگوں کو منسوخ ہوئی ٹرینوں کے ٹکٹ کینسل کرانے کے لیے ان کی رقوم کی واپسی کے لیے 31 جولائی 2020 تک کا وقت ملے گا۔ اس سے پہلے گزشتہ 23 مارچ کو ریلوے نے کینسل ٹکٹ کی ڈیڈ لائن بڑھاتے ہوئے 3 ماہ تک کر دیاتھا۔ اس سے پہلے 72 گھنٹے کے اندر رقم کی واپسی لینی پڑتی تھی ۔سوال یہ ہے کہ جب ٹرین کینسل ہونی ہی تھی تو چودہ اپریل کے بعدکی بکنگ کیوں ہورہی تھی؟اب کتنے لوگوں کے پیسے ریلوے کے پاس پھنس گئے۔ افسرنے بتایاہے کہ لاک ڈاؤن کی بڑھی ہوئی مدت کے دوران جن مسافروں نے ٹرینوں کا ٹکٹ آن لائن کٹایاہے، ان کے پیسوں کی واپسی اپنے آپ ہوجائے گی۔ ان کی رقم اسی اکاؤنٹ میں چلی جائے گی۔جہاں سے ادائیگی کی گئی ہے۔ اگر کسی نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈسے ادائیگی کی تھی تو وہیں پیسے جائیں گے۔جن لوگوں نے سفرکے لیے کاؤنٹر ٹکٹ کٹایا ہے، وہ ٹکٹ کینسل کروانے کے لیے کاؤنٹر پرہی جائیں گے۔ لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد کاؤنٹر پر ہجوم نہ ہو،اس کے لیے ٹکٹ کینسل کروانے کی ڈیڈ لائن31 جولائی 2020 تک بڑھا دی گئی ہے۔