اب ای وی ایم سے متعلق قومی سطح پر پالیسی ساز فیصلہ ہو: کانگریس

الیکشن کمیشن کی ہدایت نامہ کے تحت لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر کسی بھی ای وی ایم کو ادھر سے ادھر سے منتقل نہیں کیا جانا چاہئے ، لیکن ای وی ایم بی جے پی امیدوار کی گاڑی میں رکھی ہوئی ملی ہیں۔
نئی دہلی: (سید خرم رضا) کانگریس نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین- ای وی ایم کے حوالے سے ہر انتخابات میں غلط فہمیاں پیدا ہورہی ہیں ، لہٰذا اس تناظر میں قومی سطح پر پالیسی ساز فیصلہ لیا جانا چاہئے۔
کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ ای وی ایم کے حوالہ سے قومی سطح پر کارروائی ہونی چاہئے اور اس معاملہ پر پالیسی سازفیصلہ ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس تناظر میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی -جے پی سی کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ کچھ لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اب ایسا نہیں ہونے والا ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن کو اس بارے میں سوچنا چاہئے۔
مسٹر شکلا نے کہا کہ آسام میں کل جو کچھ ہوا وہ بہت چونکانے والا ہے۔ وہاں پتھارکنڈی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار کرشیندو پال کی کار سے ای وی ایم مشین نکلی۔ یہ الیکشن کمیشن کی ہدایت نامہ کے تحت ہے کہ لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر اور سیکورٹی کے بغیر کسی بھی ای وی ایم کو ادھر سے ادھر سے منتقل نہیں کیا جانا چاہئے ، لیکن یہاں ای وی ایم بی جے پی امیدوار کی گاڑی میں رکھی ہوئی ملی ہیں۔ یہ تشویشناک ہے اور کمیشن کو اس کے بارے میں سوچنا چاہئے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں