مفتی اعجاز ارشد قاسمیؒ امیرشریعتؒ کے کاموں میں شانہ بشانہ رہے: مولانا احمد ولی فیصل رحمانی

نوجوان عالم دین کی وفات پرسجادہ نشیں کا اظہارِ تعزیت، خانقاہ رحمانی میں دعاؤں کا اہتمام

 مونگیر: خانقاہ رحمانی مونگیرکے سجادہ نشیں حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم نے معروف عالم دین مفتی اعجازارشدقاسمی کے انتقال پر انتہائی افسوس کا اظہارکیا ہے۔ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی اعجاز ارشد قاسمی امیرشریعت مولانا محمد ولی رحمانی علیہ الرحمہ کے کاموں میں شانہ بشانہ رہے۔ وہ نوجوان اورمتحرک اور باصلاحیت عالم دین تھے ۔ وہ ساری تحریکات میں ساتھ رہے، امیرشریعتؒ کی ہدایت پرعمل کرتے رہے۔ جسٹس کاٹجو معاملے پر مفتی اعجازارشدقاسمیؒ نے امیرشریعت ؒ کے ساتھ مل کر اس معاملے کو حل کیا۔ وہ حضرت سے بے پناہ محبت رکھتے تھے اور والد بزرگوار بھی ان کو عزیزرکھتے تھے ۔ خانقاہ رحمانی سے ان کاعقیدت مندانہ تعلق تھا۔ ان کی وفات ہم سب کے لیے خسارہ ہے ۔ان کی وفات کی خبرسن کربے انتہا افسوس ہوا۔ وہ حضرتؒ کی علالت میں عیادت کے لیے پٹنہ گئے اورانتقال پر مونگیربھی جنازہ میں حاضرہوئے۔ ان کے انتقال پر خانقاہ رحمانی میں دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔