سیف الاسلام قاسمی
مدارس اسلامیہ امن و شانتی، خیر شگالی و بھائی چارگی، اور گہوارۂ علم و ادب ہے۔ یہاں سے حب الوطنی ،حق و صداقت اور انسانیت کا درس دیا جاتا ہے ۔اہل مدارس جمہوری اقدار، عدل و انصاف، تمام مذاہب کا احترام ، انسانیت کا اکرام، اسلامی تشخص کے ساتھ گنگا جمنی تہذیب و ثقافت اور ہندوستان کی ہمہ جہت تعمیر و ترقی میں برادران وطن کے دوش بدوش ہی نہیں بلکہ ان سے کہیں زیادہ بڑھ چڑھ کر ترنگا جھنڈا لہرا کر ہر محاذ پر میر کارواں نظر آتے ہیں۔ جنت نشاں آزاد ہندوستان کے سب سے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد، صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر ذاکر حسین، ڈاکٹر فخر الدین علی احمد، ڈاکٹر اے-پی-جے-عبدالکلام ،بانی مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سرسید احمد خاں، مجاہد آزادی اشفاق اللہ خاں یہ سبھی مدارس ہی کے فیض یافتہ تھے جن کے ضمیر و خمیر اور رگ و پے میں وطن عزیز کی محبت رچی بسی ہوئی تھی ۔ علمائے دیوبند، علماء صادقپور اور ملک کے دیگر تمام طبقہ کے علماء اور عوام کی جہد مسلسل اور قربانیوں سے ملک آزاد ہوا۔ ہندوستان کے ذرے ذرے میں وفادار اہل مدارس کے خون کے قطرے سنے و بسے ہوئے ہیں جس کا انکار کرنا ناممکن ہے،
سو بار سنوارا ہے ہم نے اس ملک کے گیسوئے برہم کو
یہ اہل جنوں بتلائیں گے کیا ہم نے دیا ہے عالم کو
آر ایس ایس کا ایجنٹ بھاجپا ایم ایل اے ہری بھوشن بچول اپنے آقاؤں کو خوش کرنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے نوٹولیاں گاؤں ضلع بانکا کے ایک مدرسہ مسجد میں وسفوٹ پر زہر افشانی و دریدہ دہنی کر کے سیاسی دکان چمکا کر ہندو مسلم کے مثالی اتحاد و اتفاق اور ملک کی سالمیت کو پارہ پارہ کرنے کی شازش رچ رہا ہے مگر ایسا کبھی نہیں ہو سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار سکریٹری جمعیۃ علماء ہند دربھنگہ و سکریٹری آل بہار مدرسہ ٹیچرس ایسوسی ایشن دربھنگہ و پرنسپل مدرسہ ضیاء الاسلام جلوارہ دربھنگہ صحافی و ادیب الحاج مولانا سیف الاسلام قاسمی نے اپنے صحافتی بیان میں کیا۔ مولانا سیف الاسلام قاسمی نے کہا کہ امن پسند ہر دل عزیز وزیر اعلی جناب نتیش کمار اور ان کے افسران ڈی ایم بانکا شوہرش بھگت، اور ایس پی اروند کمار گپتا کا اشارہ ملا ہے کہ اس دھماکے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ جہاں ایک منصفانہ بیان ہے وہیں بی جے پی ایم ایل اے ھری بھوشن ٹھاکر بچول کے دہشت گردانہ شوشہ بازی پر لگام بھی ہے ۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ کرونا مہاماری کی وجہ سے چونکہ مدارس بند ہیں قرینۂ قیاس ہے کہ فرقہ پرست، فسطائی ذہنیت کے عناصر گہری شازش کے تحت امن کا گہوارا مدرسہ میں بم رکھ کر مدارس اور اہل مدارس کو بدنام کرنے کی شازش رچی ہو اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو پرا گندہ کرکے انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہو۔ جب تک وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار ہیں وہ اپنے ناپاک عزائم میں ہرگز ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتے انشاءاللہ
مذ ہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا،
ہندی ہیں ہم وطن ہے ہندوستاں ہمارا






