اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول میں جشن جمہوریت کا انعقاد ۔طلباءو طالبات نے رنگارنگ پروگرام پیش کیا

نئی دہلی(ملت ٹائمز۔پریس ریلیز)
جنوب مشرقی دہلی کی مایہ ناز دانش گاہ اقرا گرلس انٹرنیشنل اسکول میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے بچوں کے تعلیمی و ثقافتی پروگرام اور ”جمہوریت، وطن اور ہماری ذمہ داریاں“ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں اسکول کے طلباءو طالبات اور ان کے گارجینس کے علاوہ دہلی کے متعدد دانشوران اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
سب سے پہلے اسکول کے بچوں نے مختلف قسم کے رنگارنگ اور دلکش ثقافتی و تعلیمی پروگرام پیش کئے۔ پروگرام کا آغاز نویں کلاس کی طالبہ مبشرہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کا اردو اور انگریزی ترجمہ بالترتیب یاسمین آرہ اور روبی خاتون نے پیش کیا۔اس کے بعد دوسری کلاس کے ایک طالب علم نے حدیث پیش کی۔بعد ازاں، حبیبہ کلاس ششم، ثناءکلاس پنجم، رانی کلاس ہشتم نے مختلف عناوین پر ہندی، اردو اور انگریزی زبانوں میں تقریریں پیش کی۔ نورصباءاینڈ گروپ نے ننہے منہے راہی ایکشن کے ساتھ پیش کیا۔ طالبات کے ایک گروپ نے انتہائی مترنم آواز میںترانہ¿ ہندی پیش کیا۔علیشہ پروین نے اپنے رفقاءکے ہمراہ”قومی گیت“ پیش کیا اور اخیر میں نشاءنے اپنی سہیلیوں کے ہمراہ اسکول کا ترانہ پیش کیا جسے سامعین نے حد درجہ پسند کیا اور بچوں کو دعاو¿ں سے نوازا۔
سامعین سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے ڈائرکٹر مولانا محمد اظہربن اصغر علی مدنی نے کہا کہ جامعہ ابوبکر صدیق الاسلامیہ سوسائٹی کے تحت چلنے والے درجن بھر تعلیمی و تربیتی اداروں کا بنیادی مقصد ملک بھر میں کم خرچ پر معیاری تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ملک بھر میں تعلیمی گراوٹ کا تدارک کیا جاسکے اور خواندگی کی سطح کو بلند کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہ مشن ہے کہ ہم اپنے تمام تعلیمی اداروں میں بلا تفریق مسلک و مشرب و مذہب ملک کے تمام ضرورت مند لوگوں کی نئی نسل کو تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کریں۔ الحمدللہ ہمارے تعلیمی اداروں میں ہر طبقات کے بچوں کا استقبال کیا جاتا ہے اور انہیں ایسی تعلیم و تربیت دی جاتی ہے جس سے وہ ایک باعزت تعلیم یافتہ انسان ہونے کے ساتھ ایک اچھا شہری اور اپنے وطن پر جان نچھاور کرنے والا محب وطن بن سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا یہ تعلیمی مشن الحمد للہ روز بروز آگے بڑھ رہا ہے اور ملک بھر میں درجن بھر میں درجن بھر تعلیمی و تربیتی ادارے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، خاص طور پر غریب بچوں کو مفت تعلیمی سہولت فراہم کرنا ہمارا مشن ہے اور ہم اس کی تکمیل کے لئے ملک کے کونے کونے میں تعلیمی ادارے قائم کرنے کا عزم رکھتے ہیں،فی الوقت سوسائٹی کے ماتحت چلنے والے درجن بھر تعلیمی و تربیتی اداروںمیں ہزاروں بچے اپنی تعلیمی پیاس بجھارہے ہیںاور ان کی تربیت و کردار سازی کے لئے ماہر معلمین و مربیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انہوں نے پروگرام میں شریک تمام مہمانوں اور گارجینس کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور تعاون کے لئے ان کا شکریہ پیش کیا۔
اسکول کے کوآرڈینیٹر مولانا محمد رئیس فیضی نے یوم جمہوریہ کی تقریب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری حب الوطنی کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ لہذا، اس طرح کی تقریبات کاجس قدر ہوسکے اہتمام ہونا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس لئے اس اسکول کے قیام کے بعد ہی سے ہر سال یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کی تقریبات نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منائی جاتی ہیں اور بچوں کو یوم جمہوریہ کی مناسبت سے رنگ برنگ پروگرام پیش کرنے کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔اسی کا نتیجہ ہے کہ آج اسکول کے بچوں نے اپنے شاندار تعلیمی و ثقافتی مظاہرے اور دلکش پروگرام کو ناظرین کے سامنے پیش کرکے خوب داد و تحسین حاصل کیا اور ان سے دعائیں لی ہیں۔اللہ تعالیٰ اس ادارہ کے بانی کے مشن کو کامیاب کرے اور ان بچوں کا مستقبل روشن و تابناک بنائے۔
پروگرام میں شریک جنتادل یو کے لیڈر شیامل کشور سنگھ نے کہا کہ یہ میرے لئے نہایت خوشی کا موقع ہے کہ ہم آج پہلی مرتبہ اسکول کے اس شاندار پروگرام میں شریک ہوئے ہیں۔بچوں کی صلاحیت اور ان کے تعلیمی مظاہرے نے تمام ناظرین کے ساتھ مجھے بھی بہت متاثر کیاہے۔ ان سارے طلباءو طالبات کے اندر بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اگر اسے اسی طرح پروان چڑھایا جاتا رہا تو یقینا یہ بچے ایک دن اپنے ملک و سماج اور اپنے گارجینس کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے اسکول کے بانی ، اس کے ڈائرکٹر اور تمام ذمہ داروں کو اس بات کے لئے مبارکباد پیش کی کہ وہ ایک بے حد پسماندہ علاقہ میں بچوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔
ETVکے رپورٹر محمداحتشام الحسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو اپنے سماج سے ناخواندگی دور کرنے کے لئے کچھ قربانی دینے کی ضرورت ہے۔اگر ضرورت پڑے تو وہ ایک وقت بھوکے رہیں مگر اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلائیں، کیونکہ تعلیم کے بغیر قوم و ملت کی ترقی و تعمیر کا خواب شرمندہ¿ تعبیرنہیں ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر ہارون رشید نے کہا کہ اسکول کے اس پروگرام میں شرکت ہمارے لئے نہایت خوشی کی باعث ہے۔بچوں نے اپنی صلاحیت اور اپنے دلکش پروگراموں سے ناظرین کو مسحور کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے علم میں اور ان کے عمر میں برکت عطا فرمائے اور ان کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔پروگرام میں نظامت کے فرائض نویں کلاس کی دو طالبات علیشہ اور ماریہ نے انجام دیئے۔
پروگرام میں جن معزز شخصیات نے شرکت کی ان میں انجینئر قمرالزماں، محمدقیصر صاحب، محمد فضل الرحمن ندوی، سعیدالرحمن بن نورالعین سنابلی،ارشد امام، محمد محفوظ سنابلی، معروف سماجی کارکن محمد عمران وغیرہ کے نام اہم اور قابل ذکر ہیں۔