بی ایس ایف نے جانچ کا حوالہ دے کر تیج بہادر کاوی آرایس روکا:بیوی کا خلاصہ

ریواڑی؍ہریانہ ، (ملت ٹائمز )
بی ایس ایف میں خراب کھانے کی شکایت کرنے والے جوان تیج بہادر یادو کی بیوی شرمیلا نے جمعرات کو میڈیا کے سامنے خلاصہ کیا ہے کہ اس کے شوہر کو 31؍جنوری کو ملنے والی وی آرایس منسوخ کر دی گئی ہے اور اس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔شرمیلا کا کہنا ہے کہ یہ اطلاع تیج بہادر نے کسی دوسرے کے فون سے دی ہے۔نوجوان تیج بہادر کی بیوی شرمیلا کے مطابق، میں تیج بہادر کا 31؍جنوری کو گھر میں انتظار کر رہی تھی، لیکن وہ نہیں آئے، مجھے یہ بتانے کے لیے فون کیا تھا کہ ان پر ریٹائرمنٹ نہیں لینے کا دباؤ ڈالا گیاہے ، اس کی منگل کی صبح 8بجے شوہر سے بات ہوئی تھی۔تیج بہادر نے بتایا کہ پہلے پیر کی دوپہر 12بجے وی آرایس منظور ہونے کی بات بی ایس ایف حکام نے کی، اس کے بعد اچانک ایک بج کر پانچ منٹ پر کہا کہ وی آرایس منسوخ کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں خط بھی ان کو تھما دیا گیا، لیکن تیج بہادر نے بیوی کو بتایا کہ اسے وی آرایس منسوخ ہونے کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔اس کے علاوہ شرمیلا نے بتایا ہے کہ پہلے اس کے شوہر چھپ کر کسی طرح فون پر بات کر لیتے تھے، لیکن اب ان کا فون حکام کے پاس ہے۔اس نے بتایا کہ جوان تیج بہادر اب سرکاری فون سے روز چند منٹ بات کر لیتے ہیں۔بی ایس ایف ذرائع نے میڈیا سے کہاکہ تیج بہادر کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔جانچ میں انہیں قصوروار پایا گیاہے ، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش ہوئی ہے، حالانکہ فی الحال اس کی منظوری نہیں ملی۔وی آرایس منسوخ کرنے کی معلومات 30؍جنوری کی شام جوان کو بتائی تھی۔غورطلب ہے کہ جموں و کشمیر میں تعینات بی ایس ایف کے جوان تیج بہادر کا شکایتی ویڈیو گزشتہ دنوں وائرل ہوگیا تھا، اس نے فیس بک پر 4ویڈیو پوسٹ کئے تھے، اس میں الزام لگایا تھا کہ سرحد پر جوانوں کو ٹھیک سے کھانا تک نہیں دیا جاتا۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جوان کو ایل او سی سے شفٹ کر کے پلمبر کا کام سونپ دیا گیاتھا ۔اس کے بعد اس کا ایک آڈیو کلپ وائرل ہوا، اس میں اس نے کہا بی ایس ایف افسر مجھے ڈسپلن شکنی کا ملزم بتا رہے ہیں،اگر ایسا ہے ،تو پھر مجھے 14ایوارڈ کیوں دئیے گئے ہیں؟اس پر بی ایس ایف کے آئی جی ڈی کے اپادھیائے نے بتایا کہ ایل او سی پر تعینات فورس کو راشن آرمی سپلائی کرتی ہے، ایسے میں، اس میں خرابی کیسے ہو سکتی ہے؟بی ایس ایف کے آئی جی (جموں رینج)ڈی کے اپادھیائے نے بتایا کہ تیج بہادر کا 2010میں سینئر افسر پر بندوق تاننے کے لیے کورٹ مارشل ہوا تھا۔فیملی پس منظر کو دھیان میں رکھتے ہو ئے برخاست کرنے کے بجائے 89دن جیل میں رکھ کراس کو ملازمت پر بحال کر دیا گیا ۔واضح رہے کہ سی اے جی کی گزشتہ سال سامنے آئی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آرمی کے سروے میں انکشاف ہوا کہ 68 فیصد جوان کھانے کو غیر اطمینان بخش یا پھر ناقص معیار کا مانتے ہیں۔فوجیوں کو ادنی معیار کے گوشت اور سبزیاں دی جاتی ہیں ، راشن بھی کم ہوتا ہے۔

SHARE