جے این یو مبینہ نعروں کی تلافی کیلئے جلے گی قوم پرستی کی الکھ،، ’مودی سوتر ‘نامی کتاب کااجراء

نئی دہلی،((ملت ٹائمز ) )
صحافی اور مصنف ہریش چندر برنوال کی نئی کتاب ’مودی سوتر ‘کااجراء اور اس پر مباحثہ دہلی کی مشہور یونیورسٹی جے این یومیں ہوگی ۔اس پروگرام کا انعقاد 3؍فروری کو دوپہر 2.30بجے اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز- 2میں کیا جائے گا ۔کتاب پر ہونے والے اس مباحثہ میں حصہ لینے کے لیے پروگرام کے مہمان خصوصی کے طور پر اندرا گاندھی نیشنل آرٹ سینٹر کے ڈائریکٹر رام بہادر رائے، ہندستھان سماچار کے صدر اور راجیہ سبھا رکن آر کے سنہا کے علاوہ آئی آئی ایم سی کے ڈائریکٹرجی سریش، ٹی وی صحافی سعید انصاری اور جے این یو کے پروفیسر اشونی مہاپاترا موجود رہیں گے۔جس جے این یو میں کل تک افضل گرو کے لیے آنسو بہائے جا رہے تھے اورمبینہ طورپر ملک مخالف نعرے لگانے والوں کی حمایت کی جا رہی تھی ، اسی جے این یو میں جمعہ کو’مودی سوتر ‘کی لانچنگ اور اس پر مباحثہ ہونے جا رہا ہے۔مصنف ہریش چندر برنوال کے مطابق ،کتاب کے ذریعے سے وہ نریندر مودی کے تجربات کو عام آدمی تک پہنچانا چاہتے ہیں،اس کتاب سے سماج کے ہر طبقے کو فائدہ ہوگا، چاہے اسکول میں پڑھنے والا بچہ ہو، کسی بھی پروفیشن میں کام کرنے والا نوجوان ہو، کھلاڑی ہو یا پھر تاجر ۔انہوں نے کہا کہ نر یندر مودی کوتاہیوں کو چھپاتے نہیں ہیں بلکہ اجاگر کرتے ہیں، تاکہ اسے درست کیا جا سکے۔ہریش نے اس سے پہلے چار کتابیں لکھی ہیں، یہ مودی منتر، ٹیلی ویژن کی بھاشا، لہروں کی گونج، سچ کہتا ہوں ہیں ۔ہریش کو بھارتیندو ہریش چندر ایوارڈ اور ہندی اکیڈمی ایوارڈ سمیت کئی بڑے ایوارڈ مل چکے ہیں۔مودی سوتر نامی کتاب مشہور ہیری پوٹر سیریز شائع کرنے والے بلومس بری پبلشر سے چھپ کر آئی ہے۔مصنف ہریش چندر برنوال گزشتہ 15سالوں سے صحافتی دنیا میں سرگرم ہیں۔انہوں نے اسٹار نیوز اور آئی بی این – 7سمیت کئی نیوزچینلوں میں کام کیا ہے۔

SHARE