تفہیم القرآن ہندی ترجمہ کی مکمل چھ جلدوں کا رسم اجرا

نئی دہلی: (پریس ریلیز) ”  قرآن کریم کی خدمت ہم سب کے لئے سب سے بڑی سعادت ہے، خاص طور پر قرآن مجید کے پیغام کو ان لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کرنا جن تک یہ پیغام نہیں پہنچا ہے۔  ان میں ایک بڑی تعداد ہندی پڑھنے لکھنے والوں کی ہے۔ ہندی جاننے والے برادران وطن تک قرآن کے پیغام کو پہنچانا بڑا ہی عظیم کام ہے۔ اس عظیم کام کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے’اسلامی ساہتیہ پرکاشن‘  کے ذریعہ لیا ہے۔ جن لوگوں کواس خدمت کو انجام دینے کا موقع ملا، ان کے لئے یہ بڑی خوش نصیبی کی بات ہے۔ اس خدمت کے انجام دینے والے تمام لوگوں کو اللہ بہترین بدل عطا فرمائے اوراس عمل کو ان سب کے لئے صدقہ جاریہ بنائے۔ دعا ہے کہ تفہیم القرآن ہندی ترجمہ کا فیض زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے۔یہ کوشش کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ کوشش کرنے کی توفیق عطا فرمائے“۔یہ باتیں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے مرکز جماعت اسلامی ہند، نئی دہلی میں تفہیم القرآن تفہیم القرآن کی چھ جلدوں کے مکمل ہونے پر رسم اجراء کے موقع پر کہی۔قابل ذکر ہے کہ صاحب تفہیم القرآن مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کا شمار اکیسویں صدی کے بین الاقوامی علماء میں ہوتا ہے۔ انہیں ’شاہ فیصل‘ ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ان کے لٹریچر سے عالم اسلام کو فیض حاصل ہوتا رہا ہے۔ان کی شہرہ آفاق تفسیر ’تفہیم القرآن‘ جدید تعلیم یافتہ افراد کو قرآن سمجھنے میں بڑی معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کا ترجمہ دنیا کی مختلف زبانوں میں ہوچکا ہے اور اب اس کا ہندی ترجمہ منظر عام پر آیا ہے۔ اس کو دینی کتابوں کا مشہور ادارہ ”اسلامی ساہتیہ پرکاشن‘ نے شائع کیا ہے۔یہ ہندی جاننے والے مسلم و غیر مسلم بھائیوں و بہنوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ اس موقع پر شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے ’اسلامی ساہتیہ پرکاشن‘ کے ڈائریکٹر مولانا نسیم احمد غازی فلاحی نے کہا کہ ” اللہ کا احسان اور بہت کرم ہے کہ اس نے’اسلامی ساہتیہ پرکاشن‘ کے ذریعہ ایک عظیم کام مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کی شہرہ آفاق تفسیر ’تفہیم القرآن‘  کی چھ جلدوں کا مکمل ہندی ترجمہ منظر عام پرلانے کا موقع عطا کیا۔ ہندی ترجمہ کا کام بارہ سال پہلے شروع کیا گیا تھا۔پانچ جلدیں پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہیں اور آج چھٹی جلد کا رسم اجراء عمل میں آرہا ہے۔اس کے ترجمے میں آسان اور عام فہم الفاظ استعمال کئے گئے ہیں۔ ترجمے میں اس بات کا خاص لحاظ رکھا گیا ہے کہ مولانا مودودیؒ نے جو الفاظ استعمال کئے ہیں، ان کی پیروی کی جائے۔ اگر انہوں نے ایک ہی طرح کے متعدد الفاظ لکھے ہیں تو کوشش کی گئی ہے کہ ترجمہ میں ان میں سے تمام الفاظ کے معانی کو شامل کیا جائے۔کہیں پر بائبل کا حوالہ آیا ہے تو ہندی کے بائبل کو سامنے رکھ کر ترجمہ کیا گیا ہے۔مولانا نے بہت سی احادیث کے حوالے نہیں دیئے تھے، اب اس میں تمام حوالے شامل کئے گئے ہیں۔ اسی طرح تفہیم القرآن‘ کے  اینڈیکس کو قرآن کی آیتوں اور حاشیہ نمبر سے ترتیب دی گئی ہے۔اس کام میں بہت سے رفقاء اور احباب کا تعاون شامل تھا“۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com