یوگی مسلسل ایکشن میں ،گائے ا سمگلنگ پر مکمل پابندی لگانے کی ہدایت ،سرکاری دفتروں میں پان گٹکھا کھانے پر پابندی عائد

لکھنؤ(ملت ٹائمز)
وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی نے گائے کی اسمگلنگ پر فوری طورپر مکمل پابندی لگانے کی ہدایت دی ہے ۔انہوں نے اس غیر قانونی کام میں لگے لوگوں کی علاقہ وار شناخت اور اس میں شامل لوگوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کو بھی کہا ہے۔ریاست کے مختلف شہروں اور قصبوں میں چلائے جارہے غیر قانونی مذبح کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ایسے مذبح کو بند کرنے کے لیے فوری طور ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی دی ہیں۔وزیر اعلی نے آگاہ کیا ہے کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے بدھ کو یہاں چیف سکریٹری سمیت دیگر سینئر پولیس افسران اور حکومتی حکام کے ساتھ ریاست کے قانون وانتظام کی صورت حال کا جائزہ لینے کے دوران یہ ہدایت دی ۔انہوں نے سابقہ ریاستی حکومت کی طرف سے سیاست داں اور دیگر افراد کو فراہم کرائی گئی سیکورٹی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ضرورت اور جواز کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر جائزہ لیا جائے، جس سے پولیس فورس کی غیر ضروری مصروفیت کو کم کرتے ہوئے انہیں زیادہ سے زیادہ عوام کی حفاظت کے لیے تعینات کیا جا سکے۔وزیر اعلی نے مختلف جرائم کے سلسلے میں مؤثر اور ٹھوس کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس گشت کو بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پرقابو پانے کے لیے پولیس فورس کو زیادہ مستعد اور محتاط رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر ذمہ داری طے کرتے ہوئے اس کا جائزہ لیا جائے، اس کے ساتھ ہی خاص طور پر رات میں پولیس کی گشت پر زیادہ توجہ دی جائے، جس سے چوری اور ڈکیتی جیسے مجرمانہ واقعات کو روکا جا سکے۔انہوں نے تمام سینئر افسران کو اپنی سطح پر تجاویز حاصل کرنے اور ماتحت افسران اور ملازمین کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے بھی ہدایت دی ہے ، جس سے پولیس کی لاپرواہی سے ہونے والے جرائم پر فوری کنٹرول کیا جا سکے۔وزیر اعلی نے گندگی کو بیماریوں کی بنیادی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے سرکاری محکموں کو صفائی وستھرائی پر زور دیتے ہوئے عوامی بیداری پیداکرنے کی پہل کرنی ہوگی۔انہوں نے تمام سرکاری، نیم سرکاری دفاتر اور میونسپل بورڈوں کو صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سینئر افسر ان اس معاملے میں مہم چلا کر صفائی کے نظام کو یقینی بنائیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ یہ کام صرف ایک بار نہیں ،بلکہ مسلسل کیا جانا چاہیے ، جس سے سرکاری دفاتر کی شبیہ بہتر ہو۔انہوں نے بلدیاتی اداروں کو صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے اپنے احاطے اور شہروں کے ورڈمیں صفائی وستھرائی کو یقینی بنائیں ۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بدھ کو سکریٹریٹ انیکسی میں پان کی پیک دیکھ کر ناراض ہو گئے۔انہوں نے اس طرح کی گندگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور سرکاری دفاتر میں پان ، پان مسالہ اور گٹکھا کھانے پر پابندی لگا دی ۔انیکسی میں چیف سکریٹری اور چیف سکریٹری داخلہ سمیت کئی سینئر افسران کے دفتر ہیں،ایسے میں یہاں گندگی وزیر اعلی کو برداشت نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازم صحت مند اور صاف ماحول میں کام کریں۔اس سے پہلے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لوک بھون کے آڈیٹوریم میں تمام سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور صفائی کے لیے حلف دلایا ۔اس حلف میں یہ شرط بھی شامل تھی کہ حلف لینے والا ہر افسر دیگر 100لوگوں کو حلف دلائے گا اور ہر ہفتے دو گھنٹے صفائی کے لیے دے گا۔واضح رہے کہ 2014میں وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی نے وارانسی میں اپنے پہلے جلسہ میں جو تقریر کی تھی اس میں وارانسی کے لوگوں سے گندگی نہیں پھیلانے اور پان کھا کر نہیں تھوکنے کا وعدہ لیا تھا۔وہیں نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سرکاری دفاتر میں پان مسالہ،پالیتھین پر پابندی لگانے کی ہدایت دی ہے۔