عارف اقبال کی رپورٹ
نئی دہلی۔ہندوستان کے مشہور تعلیمی ادارہ الفلاح یونیورسٹی، فریدآباد میں جاری دو روزہ سالانہ تعلیمی، تہذیبی اور ثقافتی پروگرام بحسن و خوبی اختتام پذیرہو گیا، پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، اس کے بعد یونیورسٹی کے شعبہ بی ایڈ، شعبہ ایم ایڈ، شعبہ ایم ٹیک، شعبہ بی ایس سی، شعبہ ایم کوم، شعبہ ایم بی اے، شعبہ انجینئرنگ کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے طلبا و طالبات نے شاندار علمی، تہذیبی، ثقافتی اور تخلیقی پروگرام پیش کئے،جس میں الفلاح ترانہ،ڈرامہ،مکالمہ، مشاعرہ،قوالی، بیت بازی،غزل سرائی،فلمی نغمے ، ڈانس اور رنگولی پیش کرکے اپنے صلاحیتوں کا نمونہ پیش کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں موجود شائقین سے پذیرائی حاصل کی، پروگرام میں حالات حاضرہ کے تحت دل کو چھو لینے والے کئی ڈارمے پیش کئے گئے ، جس میں شعبہ بی ایڈ کی جانب سے پیش کردہ ڈرامہ ’’ایسیڈ اٹیک‘‘ ،’’ نشہ کے خلاف‘‘،’’مشاعرہ‘‘اور مختلف ریاستوں کے ملبوسات پر مشتمل طالبات کے ’’ ریمپ واک‘‘ کو شائقین نے کافی پسند کیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر جواد احمد صدیقی نے کہا کہ آج کی برق رفتار زندگی میں اس طرح کے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کرنا وقت کی ضرورت ہے، اس ملک کی طاقت اس کی گنگا جمنی تہذیب ہے، جس سے آج بھی ہمارے ملک کو تقویت حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ قیمتی سرمایہ ہے جو انسان کو انسان بناتا ہے، ایک جاہل انسان دنیا میں بے وقعتی کی زندگی بسر کرتا ہے اور سماج و معاشرہ میں اسے عزت نصیب نہیں ہوتی ہے،آج ہندوستان کی تعمیر نو میں نئی نسل کو اہم رول ادا کرنا ہوگا ،بزرگوں کی وراثت کے آپ طلبا ہی وارث ہیں ، اور اسے آپ کوہی لیکر آگے بڑھنا ہے، شعبہ بی ایڈ کی معلمہ فرزانہ طارق نے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے تاریخی اور سنہرا ہے، اس پروگرام میں جس طرح سے طلباء نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کا جس انداز سے مظاہرہ کیا ہے اس سے اندازہ لگتا ہے کہ کل دنیا بھر میں ملک کا نام روش کریں گے اور ملک کی کامیابی اور کامرانی کی تاریخ رقم کریں گے،پروگرام میں موجود وائس چانسلر پروفسیر انیل کمار رائے اور ڈی ایس ڈبلو پروفیسر شاہ جہاں نے بھی اس خوبصورت پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور اپنی نیک دعاؤں سے نوازاتے ہوئے ان بچوں کو روشن مستقبل کی علامت قرار دیااور کہا کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اس طرح کے پروگراموں میں حصہ لیکر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا چاہے۔نماائندہ سے بات کرتے ہوئے فکلٹی آف ایجوکیشن کے تحت شعبہ بی ایڈ اور ایم ایڈ کے طلبا و طالبات نے بتایا کہ ثقافتی پروگرام کی نگراں محترمہ فرزانہ طارق ہماری صلاحیت اور لیاقت کو فروغ دینے کے لئے کافی دنوں سے محنت کر رہی تھیں،ان کی خصوصی توجہ اور خلوص کی وجہ سے ہماری کارگردگی میں نکھار آیا۔
پروگرام کے اخیر میں کامیاب طلبا و طالبات کو اول، دوم اور سوم کے تحت ٹرافی ، میڈل اور سند سے نوازا گیا۔ پروگرام میں موجود بیگم چانسلر،زیبا الیاس، رفعت نیر، تسنیم ، مظاہر، اشرف نواز، زاہدکے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں طلبا و طالبات ، شائقین اورگارجین حضرات موجود تھے۔