بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف جنگ کا جائزہ لیا جائے گا:راج ناتھ

رائے پور، (ملت ٹائمز،ایجنسیاں )
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ بائیں بازوکی انتہا پسندی کے خلاف جنگ کی حکمت عملی کا جائزہ کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اس پر دوبارہ غور کیا جائے گا تاکہ ماؤنوازوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا سکے۔سنگھ نے رائے پور کے مانا میں واقع چوتھی بٹالین میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد وزیر اعلی رمن سنگھ اور دیگر اعلی حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں وزیر داخلہ نے اس حملے کو نکسلیوں کی بزدلانہ حرکت قراردیا اور کہا کہ علاقے میں ہو رہے ترقیاتی کاموں سے نکسلی بوکھلائے ہوئے ہیں، اس لیے وہ ایسے واقعات کو انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی شہادت ضائع نہیں ہو گی۔سنگھ نے اشارہ دیا کہ جنگ کی حکمت عملی کے سلسلے میں 5؍ مئی کو ایک اہم اجلاس ہو گا۔واضح رہے کہ چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ سکما ضلع میں کل نکسلیوں کے گھات لگاکرکئے گئے حملے میں مرکزی ریزرو پولیس فورس کے 25جوان شہید ہو گئے تھے۔شہیدوں کو وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سمیت چھتیس گڑھ کے گورنر بلی رام جی داس چندن، وزیر اعلی رمن سنگھ اور کابینہ کے ارکان نے بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔سکما ضلع کے چنتا گوفا تھانہ علاقہ کے تحت برکاپال گاؤں کے قریب نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کردیا تھا۔چنتا گوفا تھانہ علاقے میں مرکزی ریزرو پولیس فورس کی 74ویں بٹالین کی دو کمپنیوں کو برکاپال سے چنتا گوفا کے درمیان بن رہی سڑک کی حفاظت میں روانہ کیا گیا تھا، ٹیم جب برکاپال سے تقریبا ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پرتھی ، تبھی نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، اس کے بعد پولیس ٹیم نے بھی جوابی کارروائی کی۔
SHARE