سب کا ساتھ، سب کا ترقی پڑوسی ممالک کے لیے بھی ہے:مودی

نئی دہلی، (ملت ٹائمز، ایجنسیاں)
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ سے ’سب کا ساتھ ،سب کا وکاس‘کے منتر کو لے کر آگے بڑھنے کی کوشش کی ہے اور اس کا یہ ایمان صرف ملک کے اندر ہی نہیں، بلکہ عالمی ماحول اور پڑوس کے ممالک کے لیے بھی ہے۔وزیر اعظم مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘میں کہاکہ ہندوستان نے ہمیشہ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘کے منتر کو لے کر آگے بڑھنے کی کوشش کی ہے، جب ہم ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘کی بات کرتے ہیں ،تو وہ صرف ہندوستان کے اندر کے لیے نہیں، بلکہ عالمی ماحول اور خصوصی طورپر ہمارے پڑوسی ممالک کے لیے بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے پڑوسی ممالک کا ساتھ بھی ہو، ہمارے پڑوسی ممالک کی ترقی بھی ہو۔وزیر اعظم نے کہاکہ 5 ؍مئی کوہندوستان جنوبی ایشیا سیٹلائٹ کاٹیسٹ کرے گا۔اس سیٹلائٹ کی صلاحیت نیز اس سے وابستہ سہولیات جنوبی ایشیا کی اقتصادی اور ترقیاتی ترجیحات کو پورا کرنے میں کافی معاون ہو گی۔یہ ہمارے پورے علاقے کے آگے بڑھنے میں مددگار ثابت ہو گی۔دنیا میں کئی مقامات پر تشدد اور جنگ کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا آج جن مسائل سے گزر رہی ہے ،ان کو دیکھتے ہوئے گوتم بدھ کے خیالات متعلقہ لگتے ہیں۔ہندوستان میں اشوک کی زندگی یودھ سے بودھ تک کے سفر کی بہترین علامت ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ میری خوش قسمتی ہے کہ بودھ پورنیما کے اس عظیم تہوار پر اقوام متحدہ کی طرف سے منائے جا رہے ویساکھ دیوس میں شامل ہوں گا۔سری لنکا میں مجھے بھگوان بودھ کو احترام اورگلہائے عقیدت پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے یکم مئی کو مزدور دیوس کے موقع پر ہندوستانی مزدور یونین کے مربی دتو پنت ٹھینگڑی کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ایک طرف ماؤ واد سے متاثر خیالات تھے کہ دنیا کے مزدور ایک ہو جاؤ اور دتوپنت ٹھینگڑی کہتے تھے کہ مزدوروں دنیا کو ایک کرو ۔آج مزدوروں کی بات کرتا ہوں تو دتو پنت ٹھینگڑی جی کو یادکرنا بہت فطری بات ہے ۔
SHARE