دیوبند میں تین طلاق پر جلسہ اسلام دشمن جماعتوں کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے : مہتمم دارالعلوم دیوبند

دیوبند: ( ملت ٹائمز ) دیوبند جیسے علمی و تہذیبی شہر میں چند بدنام زمانہ اور نام نہاد مسلم عورتوں کا نکاح و طلاق کے خالص مذہبی موضوعات پر جلسہ کرنا نہایت بیہودہ حرکت اور اسلام دشمن عناصر کی گھناؤنی سازش کا ایک حصہ ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی نے دیوبند میں ۴ مئی کو مسلم پرسنل لاء کے خلاف جلسہ کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مسلمان عورتوں نے ہمیشہ مسلم عائلی مسائل کو تہہ دل سے تسلیم کیا ہے اور وہ قرآن و حدیث کے احکامات کی پیروی کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتی ہیں۔ پورے ہندوستان بالخصوص دیوبند کی مسلم خواتین نے گزشتہ دنوں مسلم پرسنل لا بورڈ کی دستخطی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مسلم پرسنل لاء میں اپنے اعتماد و یقین کا بھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نام نہاد مسلم عورتوں کی کچھ تنظیمیں اسلام دشمنوں کے اشاروں پر کام کررہی ہیں اور مسلمانوں کے خالص مذہبی معاملات میں حکومت کی مداخلت کی راہ ہموار کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
حضرت مہتمم صاحب نے پورے اعتماد سے کہا کہ دیوبند کی غیور اور اسلام پسند خواتین اور خواص و عوام ان شاء اللہ اس سازش کو ناکام بنادیں گی اور شریعت اسلامیہ سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کریں گی۔