دہشت گردی اور نکسل واد کے بجائے’’آپ‘‘ کو ختم کرنا ہے مودی حکومت کی ترجیح: سنجے سنگھ

لکھنؤ،(ملت ٹائمز،ایجنسیاں)
عام آدمی پارٹی (آپ) کے ترجمان سنجے سنگھ نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر دہشت گردی اور نکسل واد کے بجائے ’’آپ‘‘ کے خاتمے کو اپنی ترجیح بنانے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ غیر ملکی چندے کے نام پر مرکز اس پارٹی کو ہراساں کر رہا ہے۔ سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ کل مرکزی حکومت نے غیر ملکی چندے کو لے کر قانون کی خلاف ورزی کے شک پر ’’آپ‘‘ کو ایک نوٹس بھیجا ہے، جبکہ اسی حکومت کے وزارت داخلہ نے سال 2015 میں عدالت میں ایک حلف نامہ داخل کر کے کہا تھا کہ غیر ملکی چندے کی صورت میں ’’آپ‘‘ کا ریکارڈ بے داغ ہے۔ سچائی یہ ہے کہ بیرون ممالک سے غلط طریقے سے چندہ لینے کے معاملے میں خود بی جے پی اور کانگریس کے دامن داغدار ہیں، مگر وہ دونوں قانون کوبدل کر بچ نکلے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر دہشت گردی سے اور چھتیس گڑھ نکسل واد سے پریشان ہے لیکن مرکز کی ترجیح ان دونوں کو ختم کرنے کے بجائے ’’آپ‘‘کا خاتمہ کرنا ہے۔واضح رہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی کو جمعہ کو ایک نوٹس جاری کر کے کہا تھا کہ وہ خود کو ملے غیر ملکی چندے کی تفصیلی وضاحت پیش کرے۔مرکز کو شک ہے کہ آپ نے غیر ملکی چندہ حاصل کرنے کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔160
SHARE