ممبئی(ملت ٹائمز)
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد جائے وقوع پرجوسب سے پہلے پہنچا، وہ نہ پولیس تھی، نہ کوئی انتظامی افسر۔ وہاں سب سے پہلے پہنچا تھا عرفان، جس نے انتہائی چالاکی سے زمین میں دھنس چکے ہیلی کاپٹر سے وزیراعلیٰ کوباہر آنے میں مددکی۔نلگا میں ردی کاکاروبار کرنے والے عرفان شیخ کی دکان کے پاس ہی ہیلی پیڈبناتھا۔جمعرات کو مقامی دورہ ختم کرکے جب وزیراعلیٰ نے نلگا سے لاتور کے لئے اڑگئے، توعرفان اپنی دکان کے پاس سے ہی اڑتے ہیلی کاپٹر کودیکھ رہاتھا۔لیکن اچانک ہی ماحول بدل گیا۔ عرفان نے اپنی آنکھوں کے سامنے ہیلی کاپٹر کو زمین کی طرف آتے دیکھا اور بعد میں انتہائی بلند آواز بھی سنی، جس کے بعد وہ اسی سمت میں دوڑ پڑا، جبکہ باقی لوگ گھومتے پنکھے اوراڑتی مٹی سے بچنے کے لئے الٹی سمت میں بھاگ رہے تھے۔ موقع واردات پر پہنچ کر عرفان نے تپاک سے ہیلی کاپٹر کے دروازے کھولنے کی کوشش کی۔ وزیراعلیٰ فڑنویس نے اندر سے عرفان کو اشارہ کیا اور پھر وہ اد سے تالا کھول کر دروازے سے نکلے ۔دراصل زمین کی طرف آتے ہوئے ہیلی کاپٹر بجلی کی تاروں سے چھو گیا تھا، اور پھر دھڑام سے زمین پر گر کر دھنس گیا تھا، سو، ایسے میں دروازہ کھولنے میں چیلنج محسوس ہو رہاتھا۔ عرفان کی مددسے وزیراعلیٰ باہرنکل سکے، اورانہوں نے باہر آتے ہی عرفان سے کہا کہ وہ محفوظ ہیں، اور عرفان باقی پھنسے ہوئے لوگوں کوہٹا دیں۔