ممبئی (ملت ٹائمزایجنسیاں
ملک میں نسلی تشدد اور اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی سلوک میں گذشتہ کئی ماہ سے بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ،جبکہ مودی حکومت نسلی تشدد کو فروغ دینے والے انتہا پسند ہندوو¿ں کو لگام ڈالنے کی بجائے ان کی سرپرستی کر رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں اقلیتیں اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگی ہیں ،ایسے میں مشہور اداکار رندیپ ہوڈا نے ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں ،ہندوو¿ں ،پنجابیوں ،دلتوں اور جین کیمیونٹی کو عجیب و غریب مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا میں بسنے والی تمام قومیتیں صرف نیوز چینل اور سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کرلیں ،سب ٹھیک ہو جائے گا۔
”انڈیا ٹی وی “ کے مطابق مشہور اداکار رندیپ ہوڈا نے”انسٹا گرام “ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر آپ مسلمان ہیں اور اچانک آپ کو لگنے لگا ہے کہ جہاں آپ ہزاروں سالوں سے رہ رہے ہیں، وہاں آپ محفوظ نہیں ہیں، اگر آپ دلت ہیں اور آپ کو محسوس ہونے لگا ہے کہ زندگی کے ہر موڑ پر آپ کو بے عزت کیا جا رہا ہے، اگر آپ ہندو ہیں اور اچانک آپ کو محسوس ہو رہا ہے کہ ہر طرف گایوں کا قتل کیا جا رہا ہے۔اگر آپ جین ہیں اور اچانک آپ کو لگنے لگا کہ ہے کہ آپ کو اپنے مذہب کے ساتھ سمجھوتہ کرنا پڑ رہا ہے، آپ کے مذہبی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، اگر پنجابی ہیں اور سوچتے ہیں کہ سبھی نوجوان منشیات لے رہے ہیں، تو صرف ایک کام کیجیے اورسوشل میڈیا سے دور ہو جائیے، نیوز مت دیکھئے، مذہبی معاملات پر کی جانے والی بحثوں سے دور رہیے، آپ چاروں طرف اپنے ان دوستوں کو دیکھئے جس میں مختلف ذات ، برادری اور مذہب سے آتے ہیں اور پھر آپ کو لگے گا کہ آپ دنیا کے سب بہترین ملک میں رہ رہے ہیں۔۔